اسلام آباد ( نمائندہ جنگ، جنگ نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آئیگی، وزیراعظم ان کے ساتھ ہیں،گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کچھ نہیں بگاڑ سکتی، یہ صرف کمپنی کی مشہوری میں مصروف تھے،کل کابینہ اجلاس میں تبدیلیوں کا پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کرنی چاہیے بہتر ہمسائے کی صورت میں رہیں، کشمیر ہماری شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں لوگ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی کوئی تفتان بارڈر نہیں، دونوں شہروں کی پولیس ایک دوسرے سے تعاون کرے، اسلام آباد اور راولپنڈی کی پولیس جوائنٹ آپریشن کرے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میری یہ 15ویں وزارت ہے، وزیراعظم کے ساتھ آیا تھا ، ا ن کے ساتھ کھڑا ہوں اور وزیراعظم پانچ سال پورے کریں گے،قبل ازیں وزیر داخلہ نے سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ کیا،انہیں سیف سٹی کیمروں پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے امن و امان کے حوالے سے بریف کیا، وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ مزید کیمرے لگانے کی ضرورت ہے، امن و امان کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے،اسلام آباد میں رواں ماہ بہت کام کرنے جا رہے ہیں،پولیس فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، این سی او سی سے بات کریں گے کہ پولیس لائن کو بھی کورونا ویکسینیشن کی سہولت دی جائے، سیف سٹی اتھارٹی قانون پاس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کافی پھیل چکا ہے، 240ٹورسٹ پولیس لانچ کرنے لگے ہیں، پولیس کی اضافی نفری کی سمری وزیراعظم عمران خان کو بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سٹی اور صحافیوں کو گھریلو رہائش کا اعلان جلد کیا جائے گا اس کے بعد پھر یہ پریس کلب کا کام ہوگا، گھریلو رہائشی سہولت ان صحافیوں کو دیں گے جن کے پاس یہاں پر رہائشی سہولت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 1122کی 25 گاڑیاں لیں گے، اسلام آباد کی پولیس مثالی پولیس ہے اس کو مزید بہتر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8ڈرون خرید رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں اور الائونس بھی بڑھنا چاہئے۔شہر کے لئے 18سو کیمرے پہلے سے نصب ہیں 12سو مزید کیمرے لے رہے ہیں ۔