• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، ہاتھی درآمد کرنے سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے پشاور کے چڑیا گھر کیلئے زمبابوے سے دو ہاتھی درآمد کرنے سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت دو ہفتےکیلئے ملتوی کر دی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ وفاقی حکومت زمبابوے سے دو ہاتھی درآمد کیلئے این او سی جاری نہیں کر رہی۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ نے محمد حنیف کی درخواست پر سماعت کی توانکے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا توہاتھی درآمد کرنے میں ہمارا ساتھ دے رہی ہے، بنگالی ٹائیگر اور زیبرے سمیت باقی جانور درآمد کرنے کا این او سی مل چکا ہے لیکن وفاقی حکومت زمبابوے سے دو ہاتھی درآمد کیلئے این او سی جاری نہیں کر رہی ہے،قانون کے مطابق ہاتھی درآمد کرنے کیلئے صرف ہاتھی فراہم کرنیوالے ملک کی اجازت درکار ہوتی ہے؟ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کس قانون کے تحت این او سی جاری نہیں کر رہی ؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے جانوروں کی درآمد سے متعلق قا نون اور قواعد و ضوابط کا جائزہ لینے اور اسکے بعد جواب دینے کی مہلت طلب کی۔

تازہ ترین