• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آدھی رات میں پیاس لگنے کی وجوہات اور حل کیا ہے؟

اکثر و بیشتر افراد کی رات گہری نیند میں  پیاس کے سبب آنکھ کُھل جاتی ہے جس کے نتیجے میں پانی پینے کے لیے اُٹھنے اور پانی پینے کے بعد دوبارہ نیند آنے میں کافی وقت لگ جاتا ہے جس کا حل تلاش کرنا لازمی ہے۔

گرمیوں میں چھوٹی راتیں ہونے کے سبب جن افراد کو گہری نیند کے دوران پیاس کے سبب جاگنا پڑتا ہے اُن کے لیے نیند کی کمی ہونے کے نتیجے میں آنے والا سارا دن پریشان یا ذہنی دباؤ میں گزرتا ہے، گہری نیند میں سے ایک بار جاگنے کے بعد دوبارہ نیند کا آنا نہایت مشکل ہوتا یا پھر گہری نیند میں جانے کے لیے کافی وقت بھی درکار ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق رات گئے گہری نیند میں پیاس لگنے کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں، ایک یہ کہ دن میں کھانے کے دوران کتنا پانی استعمال کیا گیا ہے اور دوسری یہ کہ ایک دن میں کیا آٹھ گلاس یا اس سے زائد پانی کی مقدار لی گئی ہے یا نہیں۔

کیفین کا استعمال پانی پینا نہیں ہے

ماہرین کے مطابق اکثر اوقات چائے، کافی، میٹھے مشروبات اور سوڈا ڈرنکس کو بھی پانی کے استعمال میں شمار کر لیا جاتا ہے جبکہ ایک دن میں آٹھ گلاس سادہ پانی پینا تجویز کیا جاتا ہے، آٹھ گلاس پانی پینے کے نتیجے میں بھی اگر رات میں پیاس کے سبب آنکھ کھل جائے تو اس کا مطلب ہے کہ جسم کو مزید پانی کی ضرورت ہے، پانی کی مقدار بڑھاکر ہر 10 سے 12 گلاس پر لے آئیں۔

ماہرین کے مطابق میٹھے مشروبات، سوڈا، کولا ڈرنکس اور کیفین پر مشتمل مشروبات جیسے کے چائے اور کافی وغیرہ کے استعمال سے جسم میں موجود پانی زیادہ خارج ہو جاتا ہے اور انسان ڈیہائیڈریشن کا شکار ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دن میں زیادہ چائے یا کافی کے استعمال کے عادی ہیں تو رات میں جاگنے کے لیے تیار رہیں کیوں کہ جسم کو مطلوبہ پانی کی مقدار حاصل کرنے کے لیے دماغ میں پیاس کے سگنل ضرور بھیجے گا۔

رات گئے پیاس کے سبب اُٹھنے سے نجات حاصل کرنے کے لیے کیا کیا جائے ؟

نمکین اور مسالے دار کھانوں سے پرہیز

ماہرین کے مطابق صرف پانی کی کم مقدار ہی رات گئے پیاس کا سبب نہیں بنتی بلکہ دن بھر کھائی گئی غذا کا بھی اس میں براہ راست عمل دخل ہوتا ہے، ایسے افراد جنہیں رات نیند میں پیاس کا احساس جاگتا ہے انہیں ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ نمک اور مسالے والی غذاؤں کا استعمال کم کیا جائے ۔

ماہرین کے مطابق مسالے والی غذاؤں کے استعمال سے سینے کا جلنا، تیزابیت کا ہونا اور پیاس کا لگنا عام بات ہے، ان سب ہی شکایات سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال اور نمکین اور مسالے والی غذاؤں کا کم استعمال کیا جائے۔

ماہرین کے مطابق رات گئے سینے کی جلن ذیابطیس کی علامتوں میں سے بھی  ایک علامت  ہے، اگر اکثر اوقات سینے کی جلن محسوس ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

رات گئے پیاس لگنے کاحل کیا ہے ؟

طبی ماہرین کے مطابق رات گئے نیند میں سے جاگنے سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے دن میں پانی کی مقدار زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور’کیفینیٹڈ‘ چائے اور کافی سے پر ہیز کریں، دن کے اوقات میں سادہ غذاؤں اور سادہ پانی کا استعمال کریں تاکہ گہری نیند میں خلل نہ پڑے۔

رات سونے سے قبل ایک گلاس پانی اپنی قریبی میز پر رکھ کر سوئیں تاکہ گہری نیند میں کچن میں جانے سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین