اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے کیسز کے ججز کا بھی تبادلہ کردیا گیا۔
شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی دو مختلف ججز کی عدالت میں الگ الگ سماعت ہورہی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز کی سماعت جج امجد نذیر چوہدری کی عدالت ہورہی تھی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جج امجد نذیر چوہدری کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
احتساب عدالت نمبر 5 کے جج کو سیشن جج بہاولپور تعینات کیا گیا، اس کیس کی کل سماعت ہونی ہے تاہم اُن کی جگہ دوسرا جج تاحال تعینات نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری طرف فواد حسن فواد کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت کرنے والے جج محمد اکمل کا بھی تبادلہ ہوگیا ہے۔
احتساب عدالت 3 کے جج کو سیشن جج بہاولنگر تعینات کیا گیا ہے، اُن کی جگہ کوئی جج فی الحال تعینات نہیں کیا گیا جب کہ سماعت 5 اپریل کو ہونی ہے۔