کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کی ریڈ بک میں انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو سرگودھا ایف آئی اے نے رات گئے گرفتار کرلیا ہے۔ ”جنگ“ کو تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر عباس بلوچ کا کہنا تھا کہ ملزم 2020ء کی ریڈ بک میں انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز میں شامل تھا۔ ملزم ذوالفقار علی ولد سردار محمد، سرگودھا میں کافی عرصے سے روپوش تھا، اس کے خلاف کئی مقدمات اور انکوائریاں جاری تھیں، ملزم نے مدعی محمد یعقوب سے ساڑھے تین لاکھ اور احمد خان سے ساڑھے پانچ لاکھ اور کئی لوگوں سے بیرون ملک نوکری پر بھجوانے کے عوض پیسے اینٹھے تھے۔ اس کی گرفتاری کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس میں انسپکٹر خضر عباس، انصر عباس، اے ایس آئی احمد خان نیازی اور جہانگیر علی شامل تھے۔ اُنہوں نے ڈرامائی انداز میں ذوالفقار علی کی کمین گاہ پر چھاپہ مار کر اُسے گرفتار کرلیا۔ ملزم کو آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔