• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر، باپ اور دلاور خان گروپ کی مدد پارٹی کی نظریاتی اساس کے خلاف ہے، رضا ربانی، مصطفیٰ نواز

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹرز رضا ربانی اور مصطفیٰ نوازکھوکھر نے سینٹ میں یوسف رضاگیلانی کے اپوزیشن لیڈربننے کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے مدد لینے پر اختلاف رائے کا اظہار کر دیا ہے۔

جنگ کے استفسار پر سینیٹرمیاں رضاربانی نے کہا اگرچہ اپوزیشن لیڈر پاکستان پیپلزپارٹی کا حق تھا لیکن بلوچستان عوامی پارٹی اور دلاور خان گروپ کی مدد نہیں لی جانی چاہئے تھی ، دلاور خان گروپ کی مدد پی پی پی کی نظریاتی اساس کے برعکس ہے۔

انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ اپنے اتحاد کو برقرار رکھیں،آئین اور پارلیمنٹ کی بالا دستی صرف اپوزیشن کے اتحاد سےہی ممکن ہے۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ استعفوں پر دیگر جماعتوں جبکہ اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر ہمارا موقف کمزور ہے، ہمیں باپ کے ارکان سے ووٹ نہیں لینے چاہئے تھے،ایک بیان میں انہوں نے کہا پی ڈی ایم کے حالیہ فیصلوں سے مہنگائی کے مارے عوام میں اچھا تاثر نہیں گیا، ۔

حکومتی ارکان سے ووٹ لینے پر میری نظر میں پارٹی کے نظریاتی تشخص کو نقصان پہنچا، اگر ہم دیگر صوبوں میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں تو عوامی سیاست کو پاور پولیٹکس پر ترجیح دینا ہو گی۔

امید ہے پیپلز پارٹی کی سی ای سی ان معاملات پر غور کریگی اور واضح لائحہ عمل دیگی، اختلاف رائے جمہوری حق ہے، توقع ہے میرے بیان کو اسی تناظر میں دیکھا جائیگا۔

تازہ ترین