تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: تانیہ بٹ
ملبوسات: امبر کلیکشن ،فیشن کوریڈور
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
کچھ گیت اس قدر مدھر ہوتے ہیں کہ بار بار سُننے کوجی کرتا ہے۔ جیسے؎ یہ شام پھر نہیں آئے گی…اس شام کو…اس ساتھ کو…آؤ امر کر لیں…دِل کی باتیں سبھی…بِن کہے ہم سُنیں…ہونٹ خاموش ہوں…آنکھیں کہتی رہیں…دِل کی باتیں سبھی…آنکھوں آنکھوں میں، باتوں باتوں میں…جیون بسر کرلیں…اس شام کو…اس ساتھ کو…آؤ امر کر لیں‘‘تو اگر کسی کا کبھی بھی کوئی شام امر کرنے کا ارادہ ہو، تو پھر لازم ہے کہ اس کے لیے آرایش و زیبایش بھی کچھ منفرد ہی ہو۔ تو لیجیے، آج ہم نے اپنی بزم کچھ ایسے حسین و دِل کش پیراہنوں اور رنگا رنگ اسٹائلش شولڈر بیگزسے مرصعّ کی ہے کہ شام اور ساتھ امر ہوکے ہی رہیں گے۔
ذرا دیکھیے،تو جیکوارڈ فیبرک میں سُرخ رنگ غرارے کے ساتھ نیلے رنگ کی قدرے لمبی قمیص کیا غضب ڈھا رہی ہے۔قمیص کے دامن پر باریک گوٹے کی پٹّی جچ رہی ہے، تو سہ رنگی (سُرخ، نیلا اور نارنجی) دوپٹے اور سرمئی رنگ کروکوڈائل لیدر بیگ کے بھی کیا ہی کہنے۔پھرسفید رنگ کپری اور ستارہ ورک سے آراستہ سُرخ رنگ قمیص کی دِل آویزی بھی کمال ہے کہ جس کے ساتھ ساتھ سیاہ رنگ لیدر بیگ خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔
اسی طرح سبز رنگ پیراہن بھی ایک بہترین انتخاب ہے کہ پلین ٹائٹس کے ساتھ نیٹ قمیص کے فرنٹ پر تھریڈ ورک اور دامن پر گوٹا لیس اچھا لُک دے رہی ہے، تو پیلا لیدر بیگ بھی بھلا لگ رہا ہے۔ گہرے زرد رنگ سِلک کی گھیر دار شلوار کے ساتھ سبز رنگ ڈاٹ پرنٹڈ قدرے چھوٹی قمیص ہے،تو ساتھ نیٹ دوپٹے پر انتہائی حسین جال اور اطراف میںکرن نے لباس کا حُسن کچھ اور بھی بڑھا دیا ہے۔جب کہ اسٹائلش عنّابی رنگ لیدر بیگ بھی ایک خُوب صُورت انتخاب ہے۔