سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو لکھے گئے خط کے مندرجات پر تنقید کی ہے۔
ایک بیان میں ن لیگ کے سینئر رہنما نے کہا کہ وزیراعظم نے نریندر مودی کو بھجوائے گئے خط میں لکھا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو بھیجے گئے خط میں مسئلہ کشمیر سے جڑی اقوام متحدہ کی قراردادوں کا ذکر تک نہیں کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے استفسار کیا کہ کیا چینی بھارت کے سوا کسی اور ملک سے نہیں منگوائی جاسکتی تھی؟ وزیراعظم اس کا جواب دیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم مسئلہ کشمیر پر یو این قراردادوں سے ہٹ گئے؟ وزیراعظم اس سے متعلق پارلیمنٹ میں آکر جواب دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ کس قسم کے حکمران ملک پر مسلط ہیں، ملک میں کیا ہورہا ہے سب کو نظر آرہا ہے۔