عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے کرکٹ کے دور کی نایاب تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے قرنطینہ اختیار کیے وزیراعظم عمران خان نے اپنے تصدیق شدہ فیس بُک اکاؤنٹ پر 1983ء کے ورلڈ کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔
فیس بُک پر شیئر کی گئی تصویر میں پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے فیس بُک پر اپنی پوسٹ میں سال 1982سے 1992 تک کے اپنے سفر کا تذکرہ کیا، جب انہوں نے 1992ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔
عمران خان نے بتایا کہ سال 1982 سے لیکر 1992 کے ورلڈ کپ تک اُنہیں کرکٹ میں کن کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کون کونسے اعزازات وہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
وزیراعظم کی پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد بےحد پسند کررہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے پہلی مرتبہ سال 1992 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس وقت پاکستان ٹیم کی قیادت موجودہ وزیراعظم عمران خان ہی کر رہے تھے جہاں قومی ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس کی اطلاع عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دی تھی۔
فیصل سلطان نے کہا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا جس کے بعد اب وہ صحتیاب ہوچکے ہیں۔