• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ملک کو بدترین اقتصادی صورتحال میں دھکیل دیا، بلاول

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچ چکی ہے،موجودہ حکومت کا ہر گزرتا دن ملک کو سیاسی و اقتصادی تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، کٹھ پتلی حکومت نے ملک کو بدترین اقتصادی صورتحال میں دھکیل دیا ہے،ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچ چکی ہے،جب ایک نااہل کو حکومت سونپ دی جائے گی تو ملک تباہی کی ایسی ہی صورتحال سے دوچار ہوگا۔ بلاول ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلاول ہاس میں پیپلزپارٹی کے ایک اہم مشاورتی ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم مستعفی ہوں، پوری قوم سے اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں اور ملک سے چلے جائیں، اجلاس میں دیگر مختلف سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے بدترین اقتصادی گراوٹ پر عمران خان کی ہٹ دھرمی پر مبنی ردعمل کی مذمت کی ہے اوراس امرپراتفاق کیا کہ عمران خان مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے ہیں کہ جس میں قرضے بڑھ رہے ہیں اور تجارت گھٹ رہی ہے۔

تازہ ترین