حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا کوئی مستقبل نہیں ہے‘ جماعت اسلامی کا پیپلز پارٹی یا کسی اور جماعت سے اتحاد نہیں ہوا ہم اپنے پرچم‘ نام و نشان کے ساتھ جدوجہد کررہے ہیں ‘ ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے، اہل سندھ ایک بار ہم پر اعتماد کریں انہیں فرق صاف نظر آئے گا کہ عوام دوست حکمراں کون ہیں، پاکستان کے حالات مشکل تر ہوتے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپورٹس پارک حیدرآباد ہٹڑی بائی پاس پر سولنگی برادری کے نئے سردار زبیر احمد سولنگی کی دستار بند ی کی تقریب سے صدارتی خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سندھ و بلوچستان سے سولنگی برادری کے سرکردہ رہنماؤں، قبائلی عمائدین اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو ایڈوکیٹ‘ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی‘ صوبائی نائب امراء نظام الدین میمن‘ ممتاز حسین سہتو‘حافظ نصر اللہ عزیز چنہ‘ صوبائی رہنماؤں عبدالوحید قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے‘سولنگی برادری کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ مل کرجدوجہد کریں۔ پاکستان میں عالمی مالیاتی ادارے ایک سازش کے تحت ہمیں قرضوں میں جکڑ رہے ہیں اور اپنی مرضی کا اقتصادی نظام چاہتے ہیں‘ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے ماتحت دینا سیکورٹی رسک ہے۔