اسلام آباد( جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل نے جج آفتاب آفریدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتار ی کا مطالبہ کیا ہے ، سپریم کورٹ بار نے قتل کے مقدمہ میں عبد الطیف آفریدی اور انکے بیٹے کا نام شامل کرنے پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ میں ان کا نام شامل کرنا بے بنیاد ہے ، ایف آئی آرسے نام حذف کیا جائے ،ادھر پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل خوشدل خان اور چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی نے حکومت سے گھنائونے جرم کے مرتکب عناصر کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ،سپریم کورٹ بار کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وقوعہ کے بارے میں سپریم کورٹ بارکے صدر سے رابطہ کیا گیا تو نہ صرف انہوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے بلکہ خود پر اور اپنے بیٹے پر لگائے گئے الزامات کی بھی تردید کی ہے ۔