الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں سینیٹر فیصل واؤڈا کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے استثنیٰ دے دیا، واؤڈا کی درخواست پر سماعت عید کے بعد مقرر کردی گئی۔
سینیٹر فیصل واؤڈا کے خلاف الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی، فیصل واؤاڈا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے سینیٹر فیصل واؤڈا کو ذاتی حیثیت میں پیشی سےاستثنیٰ دے دیا اور کہا کہ آپ چاہیں تو اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں، سماعت میں فیصل واؤڈا کے وکیل نے دلائل دینے کے لیے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔
وکیل فیصل واؤڈا نے الیکشن کمیشن میں بتایا کہ اسلام آبادہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کل موصول ہوئی ہے،فیصلے کا جائزہ لے کر دلائل دوں گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ چار میں سے دو درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع نہیں کرایا ہے، تمام درخواست گزاروں کو اکٹھا سنیں گے۔
سینیٹر فیصل واؤڈا نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے میرے خلاف درخواست خارج کی تھی،الیکشن کمیشن سے بھی استدعا کرتا ہوں درخواستوں کو خارج کیا جائے، الیکشن کمیشن کا قیمتی وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزاروں کا جواب آنے پر جائزہ لے کر ہی فیصلہ دیا جائے گا،الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔
اس موقع پر فیصل واؤڈا کے وکیل نے کیس کی سماعت عید بعد کرنے کی استدعا کی اور کہاکہ رمضان میں کراچی سے آنا مشکل ہوتا ہے،جس پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت عید کے بعد 20 مئی تک ملتوی کردی۔