لاہو ر(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے بیرون ملک جانے سے متعلق دعوئوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مریم نواز کے باہر جانے کی باتیں کررہے ہیں اب تو واپس آنیکا موسم ہے، نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے والی جماعت عوام کے غیض وغضب کا نشانہ بنے گی۔لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف نے انکشاف کیا کہ میں کل ٹائون شپ تھانے گیا، جہاں میں نے پولیس اہلکاروں سے پوچھا کہ میں نے کونسی غداری کی ہے؟، جس پر تفتیشی افسر نے کہا آپکو بھی پتہ ہے آپ بے گناہ ہیں لیکن اوپر سے حکم ہے۔ جاویدلطیف نے کہا کہ اگر اسی طرح اوپر سے ہی غیر قانونی حکم ہوگا تو عدالتیں بند کردیں، اسٹیٹ بینک کو گروی رکھ دیا اس پرآواز اٹھائیں تو غداری کا مقدمہ بنتاہے، مخالفین کو بتادوں کہ جتنے بھی مقدمات درج کریں یہ ہماری زبان بند نہیں کرسکتے، مجھے معلوم ہے کہ نیب اور اداروں کو استعمال کیاجارہاہے، عمران خان چاہتاہے کہ نیب کی طرح عدالتیں بھی اسکے حکم پر چلیں۔ لیگی رہنما نے اعتراف کیا کہ نوازشریف کے عالمی جمہوری طاقتوں سے رابطے ہیں، یہ بات درست ہے جس سے حکومت خوفزدہ ہے، جسکے باعث یہ مریم نواز کے باہرجانیکی باتیں کررہے ہیں، انہیں بتاتا چلوں کہ اب تو واپس آنیکا موسم ہے۔