لندن( جنگ نیوز)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم میر پور خاص زون کی زونل کمیٹی کے رکن اورنومنتخب کونسلر فاروق جمیل درانی کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ فاروق درانی کاشمار میرپورخاص میں ایم کیوایم کے سینئر کار کنو ںمیں ہوتاہے،وہ نہ صرف میرپورخاص کی زونل کمیٹی کے رکن ہیں بلکہ نومنتخب کونسلربھی ہیں،ان کیخلاف کسی قسم کاکوئی مقدمہ نہیںہے، فاروق درانی کو22 اپریل کوپولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروںنے میر پورخاص میں ان کے گھرسے حراست میں لیا تھالیکن ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود ابھی تک نہ تو انکی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے اور نہ ہی یہ بتایا جارہا ہے کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے جس کے باعث ان کے اہل خانہ شدید ذہنی کرب اور اذیت میں مبتلا ہیں ۔ندیم نصرت نے کہاکہ اسی طرح سے ایم کیوایم کے سوسے زائدکارکنان ہیں جو گرفتاری کے بعد سے لاپتا ہیںاورتاحال غیرقانونی حرا ست میں ہیں۔اس طرح آئین ،قانون اورانسانی حقو ق کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ ندیم نصرت نے وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ فاروق درانی کوفی الفور رہا کیا جائے ،اگران کیخلاف کوئی الزام ہے توانہیں غیرقانونی حراست میں رکھنے کے بجائے عدالت میں پیش کیاجائے اورایم کیوایم کے کارکنوںکو گرفتار کرنے کے بعد لاپتا کرنے کاسلسلہ بندکیاجائے۔