• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

پشاور( جنگ نیوز)ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور عوام کا معیار زندگی بلند کیا جائے گا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی جوگنی کے علاقہ وزیر قلعہ میں دو پل اور سڑک کے تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ڈپٹی سپیکر محمود جان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی میدان میں اترنے کا واحد مقصد عوامی خدمت ہے اور اسی جذبے کے تحت عوام نے انہیں دوسری بار منتخب کیا اور انشا اللہ آئندہ بھی کریں گے کیونکہ انہوں نے اپنے حلقے نیابت کی بے لوث خدمت کی ہے اور حلقے کے ہر علاقے کو نہ صرف فنڈز کی فراہمی بلکہ دیگر عوامی سہولیات کے سلسلے میں برابر کے حقوق دئیے ہیں۔ محمود جان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک پر عرصہ دراز حکومت کی اور ملک کے پیسے کو لوٹا لیکن اب پھر یہی پارٹیاں کہتی ہیں کہ موقع ملا تو خدمت کریں گے جبکہ ان کا مقصد ملک کے پیسے کا اپنے ذات کیلئے بے دریغ استعمال ہے انہوں نے واضح کہا کہ جب تک پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی عوام کو ان کا حق ملتا رہے گا اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہوتے رہیں گے جس کا بڑا ثبوت صحت انصاف کارڈ کا غریب عوام کو حکومت کی جانب سے ایک تحفہ ہے تاکہ غریب طبقہ بھی امرا کی طرح اپنا علاج اچھے ہسپتالوں سے کروا سکے اور اب موجودہ کورونا کی وجہ سے صحت انصاف کارڈ میں ویکسینیشن کا عمل بھی شامل کیا جارہا ہے جو کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کم ہوگئی ہے اور ملک کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے جبکہ بعض سیاسی عناصر اب بھی کرسی کی سیاست کر رہے ہیں اور اسلام کے بجائے اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں اور وہ جنہیں قادیانی اور یہودی کہتے تھے ان کے ساتھ سندھ میں اتحاد کرتے ہیں انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ آئندہ مزید فنڈ کی فراہمی سے دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے اور حلقے کی عوام کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ دریں اثنا ڈپٹی سپیکر کو علاقہ مشر کی حیثیت سے پختون روایاتی قلہ بھی پہنایا گیا۔
تازہ ترین