کراچی (جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو کرپشن اور اقتصادی تباہی میں دھکیل دیا، کراچی کے مسائل حل کرنے کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ ، وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو اور سینیٹر شمیم آفریدی سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو سے پیپلزپارٹی کے سینیٹر شمیم آفریدی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اورمجموعی ملکی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے پاکستان کو کرپشن اور اقتصادی تباہی کی تاریکیوں میں دھکیل دیا،آٹھ برسوں میں خیبرپختونخوا میں تبدیلی نے جو تباہی پھیلائی، اس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، عمران خان خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق غصب کرنے کے مجرم ہیں۔ بلاول بھٹو سے ناصر حسین شاہ نے بھی ملاقات کی اور انہوں نے شہر قائد کے عوامی مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے ناصر حسین شاہ سے استفسار کیا۔ اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے سندھ حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیاری کے علاقے میں تین جبکہ کیماڑی میں دو آر او پلانٹ کام کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے ہدایت کی کہ شہر قائد کے عوامی مسائل کے حل کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو سے سندھ میں صنعت و تجارت و انسداد بدعنوانی کے محکموں کے وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے بھی ملاقات کی اور اپنے محکموں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور پنوعاقل میں اپنے حلقہ انتخاب کے عوامی مسائل اور ان کے حل سے متعلق بھی آگاہ کیا۔