• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورس جانسن مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریں،علمائے کرام

ہیلی فیکس (نمائندہ جنگ) برطانیہ کے130سے زائد علمائے کرام، آئمہ مساجد نے ایک کھلے خط میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے برطانیہ کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور باٹلے اسکول کے ٹیچر کا تفریق پھیلانے کی کوشش میں انتہائی قابل مذمت عمل یعنی نبی کریمؐ کا طالب علموں کو گستاخانہ خاکہ دکھانے پر شدید مذمت کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں معاشرے کے تمام مہذب افراد سے اس جان بوجھ کر کیے جانے والے سازشی عمل کی بھرپور مذمت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس سے معاشرے میں ہم آہنگی اور رواداری کو نقصان پہنچتا ہے اور جس کی وجہ سے تفریق اور نفرت کو فروغ ملتا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے ہمیں یہ سبق حاصل ہوا ہے کہ ہم آپس میں ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوئے باہم اتفاق سے رہیں، مشترکہ اقدار کی قدر کریں اور باہم احترام کا مظاہرہ کریں۔ یہ ناقابل تلافی عمل تعلیمی و تدریسی عمل کے تمام اصول و ضوابط کے منافی ہے۔ تدریس و تعلیم کا عمل سب کو ساتھ شامل رکھنے اور سب کے احساسات کو ملحوظ خاطر رکھنے کا متقاضی ہوا کرتا ہے۔ اس عمل میں کسی کے جذبات و احساسات کو مجروح کرنا اس کے تقاضوں کے سراسر خلاف ہے۔ خط میں کہا گیا کہ اس طرح کے اقدامات ہر اطراف میں صرف انتہا پسندوں کے فائدے کا سبب بنتے ہیں۔ علمائے کرام اور آئمہ مساجد نے باٹلے اسکول کے گورنرز کی طرف سے مہذب معاشرے کے امن پر قدغن لگانے والے افراد کی معطلی کے عمل کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ کی تمام مسلم کمیونٹی اسکول کی اس سلسلے میں آئندہ پیش رفت پر بغور نظر رکھے گی کہ کیا اس سلسلے میں حقیقی طور پر انصاف فراہم کیا جاتا ہے۔ 
تازہ ترین