لاہور،سیالکوٹ( نمائندگان جنگ)ڈسکہ الیکشن آج، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ،چیف الیکشن کمشنر لاہور سے انتخابی عمل مانیٹرنگ کرینگے،لیگی امیدوار کا CCTV کیمروں کیلئے خط، تفصیلات کے مطابق این اے 75 ڈسکہ میں انتخابی دنگل آج ہو گا الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے شفاف ،آزادانہ ،منصفانہ اور پرامن انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں ، یہ نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے سید افتخار الحسن شاہ کی وفات سے خالی ہوئی تھی ، مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین افتخارِ اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کے درمیان اصل کانٹے دار مقابلہ ہوگا،دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب کی خود مانیٹرنگ کریں گئے،وہ اسلام آباد سے لاہورپہنچ گئے ہیں چیف الیکشن کمشنرآج صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر لاہور میں بیٹھ این اے 75 کی الیکشن پولنگ کی مانیٹرنگ کریں گے،مزید براں صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب غلام اسرار خان زیر صدارت NA-75سیالکوٹ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔