کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کیلئے حزب اختلاف چیلنج نہیں بلکہ مہنگائی پر قابو پانا بڑا چیلنج ہے‘مسلم لیگ(ن) کو فوج کے خلاف زبان استعمال کرنے پر قیمت ادا کرنی پڑے گی‘پاک افواج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہیں‘پاک افواج میں شمولیت کسی بھی جوان اور اس کے خاندان کیلئے فخر کی بات ہے۔جمعہ کو کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کی 28 ویں پاسنگ آئوٹ پریڈمیں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ کا کراچی میں امن اور ترقی میں کردار بہت نمایاں ہے‘پاکستان رینجرز سندھ کا کراچی میں کرکٹ کی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے۔دریں اثناءجمعہ کو یہاںایف آئی اے کے زونل آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےشیخ رشید کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان کیلئے حزب اختلاف چیلنج نہیں بلکہ مہنگائی پر قابو پانا چیلنج ہے‘مجھے عمران خان کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی ہے، عمران خان اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کریں گے‘ مسلم لیگ(ن) کو فوج کے خلاف زبان استعمال کرنے پر قیمت ادا کرنی پڑے گی۔جس دن نواز شریف پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کریں گے انہیں 24 گھنٹے میں سفری دستاویز جاری کریں گے،پیپلز پارٹی کی قیادت سمجھدار ہے، آصف زرداری تاش چھاتی کے ساتھ لگا کر کھیل رہے ہیں‘ فضل الرحمان سے کہا تھاکہ بچوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں آپ خراب ہوں گے‘جہانگیر ترین کا مسئلہ بہت حساس ہے۔