• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ کچھ برسوں کے دوران گھروں میں دیوار تا دیوار قالین بچھانے کے رجحان میں کمی دیکھی گئی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ قالین کو ہر وقت صاف ستھرا رکھنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، یہ گندا تو جلدی ہوجاتا ہے لیکن اسے صاف کرنا اتنا آسان کام نہیں۔ 

قالین کے ڈیزائن بھی محدود ہوتے ہیں اور اکثر یہ بہت مہنگے ہوتے ہیں۔ قالین کا آسان اور نسبتاً سستا متبادل مارکیٹ میں ’’کارپٹ ٹائل‘‘ کی شکل میں موجود ہے۔ یہ اسکوائر یونٹس میں دستیاب ہوتے ہیں اور صرف اتناہی نہیں، ان کے متعدد رنگ اور ڈیزائن آپ کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے کافی ہیں۔

ان کارپٹ ٹائلز کو متعدد طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دیوار تا دیوار قالین کے طور پر یا محدود ایریا میں رَگ کے طور پر۔ مختلف ڈیزائن کے کارپٹ ٹائلز کو ملا کر آپ خود بھی منفرد ڈیزائن ترتیب دے سکتے ہیں۔ کارپٹ ٹائلز مختلف سائز، موٹائی اور مواد میں دستیاب ہیں۔ کارپٹ ٹائلز کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اگر اس کا کوئی ایک حصہ خراب ہوجائے تو صرف اس حصے کو بآسانی تبدیل کیا جاسکتا ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ کارپٹ ٹائل کی مینٹیننس لاگت بھی کم ہے۔

واٹر پروف کارپٹ ٹائلز بھی دستیاب ہیں اور یہ خاص طور پر بیسمنٹ ایریا میں انتہائی کارآمد اور مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔ مزید برآں، کارپٹ ٹائلز کو کسی بھی قسم کی سطح پر نصب کیا جاسکتا ہے، جیسے کنکریٹ اور وینائل وغیرہ۔ ماہرین تعمیرات کے مطابق، ’’ہمارے پاس جب گھر بنوانے والے صارفین آتے ہیں تو ہم ان سے فرش کے حوالے سے کافی بحث مباحثہ کرتے ہیں کیونکہ ہر فیملی کی اپنی ضروریات ہوتی ہیں۔ 

ایسے میں جب ہم انھیں کارپٹ ٹائل کا آئیڈیا پیش کرتے ہیں تو وہ اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی بھی دیگر انتخاب کے مقابلے میں کارپٹ ٹائل میں تنوع زیادہ ہے اور اسے آپ مختلف طریقوں سے استعمال کرکے اپنے لیے مختلف رنگ اورعملی ضرورت کو پورا کرسکتے ہیں‘‘۔

مغرب میں کارپٹ ٹائلزتجارتی مراکز میں برسوں سے استعمال ہورہی ہیں لیکن رہائشی یونٹس میں ان کے استعمال میں حالیہ عرصہ میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مالک مکان کو اپنے گھر کی تعمیر میں فرش کے لیے جن فوائد اور آسانیوں کی تلاش ہوتی ہے، کارپٹ ٹائلز انھیں اس سے زیادہ فراہم کرتی ہیں۔

کارپٹ ٹائلز کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ انھیں انتہائی آسانی کے ساتھ نصب کیا جاسکتا ہے۔ کارپٹ ٹائلز کو مالک مکان خود بھی بآسانی نصب کرسکتے ہیں، جس کے باعث ناصرف انھیں نصب کرنے کا خرچہ نہیں کرنا پڑتا بلکہ ٹائلزکو مارکیٹ سے گھر لانے کی لاگت بھی کم آتی ہے۔ اس میں ایک آسانی یہ بھی ہے کہ آپ حتمی ڈیزائن اور رنگ کے انتخاب پر پہنچنے سے پہلے تجرباتی طور پر چند کارپٹ ٹائلز گھر لاکر انہیں ٹیسٹ بھی کرسکتے ہیں۔ کارپٹ ٹائلز کئی نمونوں میں موجود ہیں، اور انھیں ہر گھر میں ان کی ضرورت کے مطابق مختلف انداز میں نصب کیا جاسکتا اور ان کے مختلف پیٹرن بنائے جاسکتے ہیں۔

کارپٹ ٹائل کی لاگت عمومی طور پر قالین کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔ انھیں براہِ راست فرش پر نصب کیا جاسکتا ہے، جس کے باعث بھرائی کا خرچہ بھی نہیں کرنا پڑتا۔ یہ ٹائلز کئی طرح کے سائز میں آتی ہیں، اس لیے ان کا ضیاع بھی کم ہوتا ہے اور اگر آپ کمروں یا گھر کے کسی اور حصے کے درست ناپ کے ساتھ مارکیٹ جائیں تو آپ بغیر کوئی اضافی کارپٹ ٹائل خریدے، اپنی ضرورت کے مطابق کارپٹ ٹائل خرید سکتے ہیں۔ 

ہاں، البتہ اگر آپ مختلف پیٹرن بنانا چاہتے ہیں، جوکہ کارپٹ ٹائلز کے استعمال میں ایک زبردست آپشن ہے، تو ایسے میں آپ اضافی کارپٹ ٹائلز خریدکر اپنے کمرے کو ایک منفرد جدت دے سکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے ایک ایسا ڈیزائن ترتیب دیا جاسکتا ہے، جو مارکیٹ میں بھی دستیاب نہیں ہوگا۔ اب اس کادارومدار آپ کی تخلیقی صلاحیتوں پر ہے کہ آپ کس حد تک سوچ سکتے ہیں۔

منفرد ڈیزائن ترتیب دینے کے لیے آپ کو اضافی بجٹ کی بھی ضرورت ہوگی، تاہم یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ جدت پر اضافی بجٹ خرچ کرنے کے بعد اس کے نتائج دیکھ کر آپ کو پچھتاوا نہیں ہوگا۔

کئی لوگ گھر کے کام خود کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، اور کارپٹ ٹائل ایسے مکان مالکان کو گھر کی فلورنگ کا کام انھیں خود ہی کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

کورونا وبا کے دوران جب لوگوں کو اپنا زیادہ تر وقت گھر پر گزارنا پڑرہا ہے، تو جو افراد اپنا گھر تعمیر کروا رہے ہیں انھیں کارپٹ ٹائلز کی تنصیب ایک اچھی اور مثبت سرگرمی اور مصروفیت فراہم کرسکتی ہے، جس سے انھیں ناصرف اپنی تخلیقی صلاحیتیں استعمال کرنے کا موقع ملے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ فلورنگ پر اپنے بجٹ کا ایک حصہ بھی بچا سکتے ہیں۔

وبا کے دور میں خود سے کارپٹ ٹائلز نصب کرنے کا فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ کا باہر کے لوگوں کے ساتھ رابطہ کم رہتا ہے اور آپ سماجی دوری کے اصولوں پر بھی کاربند رہتے ہیں۔ ایسے میں ہم تو آپ کو یہی مشورہ دیں گے کہ اگر آپ مکان تعمیر کروارہے ہیں اور فلورنگ کے معاملے میں کچھ مختلف کرنے کا سوچ رہے ہیں تو آپ کو کارپٹ ٹائلز کے انتخاب پر ضرور غور کرنا چاہیے۔

تازہ ترین