اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)سابق چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نےکہاہےکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے تعزیرات پاکستان اور ضابطہ فوجداری میں تجویز کی جانے والی حالیہ ترامیم پر تشویش ہے ،ترامیم میں تجویز کیا گیا ہے کہ جو شخص مسلح افواج کی بے عزتی یا جان بوجھ کر توہین کرے گا اسے جرمانہ اور قید ہو گی،یہ مجوزہ ترامیم ماورائے آئین ہیں ، آئین اظہار رائےکی آزادی کو تحفظ فراہم کرتا ہے،یہ ترامیم شہریوں کے حقوق اور آزادی سلب کرنے کیلئے تیارکی گئی ہیں، شہریوں کے حقوق اور آزادی پر پہلے ہی حملے جاری ہیں اور حکومت انھیں دبا رہی ہے،مجوزہ ترامیم سےمخالفین کو ایک جعلی سیاسی نظام کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا ،مجوزہ ترامیم سے ادارے متنازع بن رہے ہیں ،یہ تجویز حیران کن ہے کہ مسلح افواج کو عزت دلوانے کیلئے قابل سزا قانون کی ضرورت ہے،اداروں کی معاشرے میں عزت جدوجہد،اصولی موقف پر قائم رہنے اور لوگوں کے لئے کام کرنے سے بنتی ہے،عزت قانون نافذ کرنے سے نہیں بن سکتی۔