لاہور(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے انکی رہائش گاہ پر بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید ہاشمی نے ملاقات کی جس میں سابق وزیر خزانہ بلوچستان ڈاکٹر رقیہ ہاشمی، سالک حسین ایم این اے، مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا، سلمہ ہاشمی اور سید محمد سبطین شاہ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی و اقتصادی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور، عوام کے معاشی مسائل اور جان لیوا مہنگائی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر باہمی مشاورت سے ساتھ چلنے پر اتفاق کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم لیگ ق اور بلوچستان عوامی پارٹی کو عوامی ایشوز پر تسلسل کے ساتھ مشاورت اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے مسائل حل کیے جائیں۔ سینیٹر سعید ہاشمی نے مختلف امور پر چودھری شجاعت حسین کو اعتماد میں لیا اور بلوچستان کے موجودہ حالات سے آگاہ کیا۔