• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بلیک میلنگ سے تنگ خاتون کی خودکشی، تمام ملزمان گرفتار

شہر قائد کراچی میں محلے والوں کے ہاتھوں بلیک میلنگ سے تنگ آ کر خودکشی کرنے والی خاتون کے کیس میں تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بلیک میلنگ کیس میں  مفرور مزید 3 ملزمان شاہد، اسد اور ارتضیٰ کو گرفتار کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں پیش کر کیا گیا جبکہ دوران سماعت تفتیشی افسر نے پیشرفت رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی ہے۔

 تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان سے حاصل کی گئی ویڈیو فارنزک کے لیے بھیج دی گئی ہے، خاتون کی قبر کشائی کے لیے کوشش کر رہے ہیں، عدالتی اجازت کے بعد کچھ کریں گے۔

تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے ایک ہفتے کا ریمانڈ دیا جائے۔

دوران سماعت ملزم وقاص کے وکیل نے کہا کہ کیس میں کوئی گواہ ہی نہیں ہے، مدعی بھی متوفیہ کا بھائی ہے۔

جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ کا کہنا تھا کہ  پولیس کو رپورٹ پیش کرنے دیں، بعد میں دیکھا جائے گا۔

 پولیس کے مطابق متوفیہ نے اپنی دوست کو ملزمان کے حوالے سے آڈیو میسج کے ذریعے آگاہ کیا تھا۔

بعد ازاں عدالت کی جانب سے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تینوں ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا  جبکہ پہلے سے گرفتار 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ شاہراہ نورجہاں میں مقدمہ درج ہے۔

تازہ ترین