• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھاری منافع کا لالچ، سنار باپ بیٹا شہریوں کے ایک ارب ہڑپ کر گئے

گوجرخان (نمائندہ جنگ) گوجرخان میں شارٹ کٹ سے دولت جمع کرنے والے اپنی جمع پونجی سے بھی ہاتھوں دھو بیٹھے۔ لوگوں کو بھاری منافع کا لالچ دے کر مقامی سنار حاجی سعید صراف اور اس کا بیٹا ایک ارب کے قریب رقم، زیورات اور پرائز بانڈ لے کر غائب ہو گئے۔

چند سال قبل بیول کا ایک شخص رقم ڈبل کرنے کے بہانے اتنی ہی رقم لیکر غائب ہو گیا اور پھر پکڑا گیا تھاتاہم لوگ رقم لینے کے لئے ابھی تک رل رہے ہیں ۔ صرافہ بازار میں عرصہ دراز سے سونے اورزیورات کاروبار کرنے والے حاجی سعید اینڈ سنز نے بھاری منافع کا لالچ دے کر تحصیل گوجرخان کے سیکڑوں افراد سے رقم زیوارت پرائز بانڈ وغیرہ اپنے پاس رکھ لئے۔ انہوں نے طویل عرصہ سےجمع شدہ رقم پر ہر ماہ بروقت منافع دے کر اپنی ساکھ بنائی جس سے متاثر ہو کراس کے پاس رقم جمع کرانے والوں کا تانتا بندھ گیاجن میں زیادہ تعداد سود پر رقوم دینے والوں کی بھی تھی ۔

چند روز قبل صرافہ بازار میں اس کی دکان بند ہو گئی اس دوران پہلی تاریخوں میں منافع لینے والے اس کی دکان پر چکر لگانے شروع ہو گئے مگر ان پر حقیقت آشکار ہوئی کہ منافع کی لالچ میں وہ اپنی جمع پونجی لٹا بیٹھے ہیں ۔گزشتہ دو تین دنوں میں درجنوں متاثرہ افراد سا منے آ چکے ہیں ۔

چند ماہ قبل آن لائن کاروبار کے ذریعے بھی گوجرخان کے لوگ بیس کروڑ روپے سے زائد کی رقم نوسرباز گروہ کے حوالے کر چکے ہیں، دلچسپ امر یہ ہے کہ متاثرہ افراد کی زیادہ تعدادکسی قسم کی قانونی کارروائی سے گریزاں ہے۔ایس ایچ او تھانہ گوجرخان ملک حضرت حیات نے اس فراڈ کی تصدیق کرتے ہوئےکہاکہ ابھی تک ہم سے خاتون سمیت تین افراد نے رابطہ کیا ہے، پولیس اس ضمن میں ہر قسم کی قانونی کارروائی کرے گی۔

تازہ ترین