لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء ﷲ نے کہاکہ نوازشریف لندن علاج کی غرض سے گئے سلیکٹڈ لوگوں کا علاج کے بعد ملک واپس آئیں گے، جہانگیر ترین نے فراڈ نہیں کیا ہوگا ،ہم سے رابطہ کیا تو جائزہ لیں گے،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کا شیطان روز ن سے ش نکالتا ہے پی ٹی آئی سے ٹی نکل گیا ہے آگے ٹی ٹی ہوگی وہ ملک بھر میں سنائی دے گی۔ انہوں نے کہاکہ جس دن جہانگیر ترین کا جہاز اڑے گا اس دن شیخ رشید کی ٹی ٹی نکل جائے گی، کسی بھی کاروباری ٹرانزیکشن کو کرپشن بنائیں تو ظلم ہے اس وقت جہانگیر ترین کو سمجھ نہ آیا، جہانگیر ترین نے فراڈ نہیں کیا ہوگا چینی کی قیمت میں اضافہ ضرور کیاہوگا، جہانگیر ترین اگر ہم سے رابطہ کریں گے تو ن لیگ رابطے کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی، جہانگیر ترین کو پکڑیں چینی 55 کے بجائے 115روپے کی کیوں ہوگئی ، اے ٹی ایم سے پیسے نکلنے بند ہو گئے تو ان کے خلاف کیسز نکل آئے۔انہوں نے کہا ڈسکہ الیکشن معرکہ تھا وسائل کو جس طرح استعمال کیاگیا 50کروڑ روپے کے اعلانات بھی کئے گئے، ڈسکہ میں انتظامی مشینری کو جھونکا گیا ۔