• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز الدین نے بڑے اداکاروں کو نقلی قرار دے دیا

بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے نئے آنے والے فنکاروں کو کیریئر میں کامیابی کے لیے سبق آموز نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے سپر اسٹارز کی نقل کرکے اداکاری کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ بڑے اسٹارز نقلی اداکاری کرتے ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران نواز الدین صدیقی نے نوجوانوں فنکاروں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی کامیابی کے لیے اپنی شناخت کو تراش کر باہر نکالیں۔ 

انھوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ نوجوان فنکاروں کو بڑے سپر اسٹارز کی پیروی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ انھیں ایسا لگتا ہے کہ جو کچھ بھی میگا اسٹارز کرتے ہیں وہ زیادہ تر نقلی ہوتا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اگر نیا ٹیلنٹ اس سب چیز کو کاپی کرنے کی کوشش کرے جو اس انڈسٹری کے بڑے نام کر رہے ہیں تو یہ نوجوان کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔ 

نواز الدین صدیقی نے کہا کہ میں اپنی تجربے کی روشنی میں کہتا ہوں کہ آپ کو اپنی شناخت نہیں کھونی چاہیے، بڑے سپر اسٹار جعلی اداکاری کرتے ہیں، آپ ان سب چیزوں کو لے کر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ 

گینگز آف واسع پور کے اسٹار اداکار نے کہا کہ میں نوجوانوں کی اصل اداکاری دیکھنا چاہتا ہوں، اگر یہ بھی بڑے سپر اسٹار کی نقل کرتے ہوئے اداکاری کریں گے تو پھر میں ان کو کیوں دیکھوں گا؟

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر آپ کچھ اچھا دکھائیں گے، کچھ ایسا جو واقعی بہت دلچسپ ہو تو پھر میں بھی آپ کو دیکھنا چاہوں گا۔

تازہ ترین