• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد کے حوصلہ بڑھانے پر بولی وڈ چھوڑنے کا فیصلہ بدلا، ابھیشیک بچن

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکار ابھیشک بچن نے ایسی زندگی گزاری ہے جس دوران ان کا موازنہ ان کے والد بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن سے کیا جاتا رہا ہے اور ان کے کیریئر میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ فلمی کیرئیر کو تقریباً چھوڑنے ہی والے تھے۔ایک حالیہ ریڈیو انٹرویو میں ابھیشیک بچن کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچا کہ وہ فلمی صنعت کے لیے نہیں بنے اور اگر ان کے والد کے دانشمندانہ الفاظ نہ ہوتے تو وہ بولی وڈ سینما کو مکمل طور پر چھوڑ چکے ہوتے۔ابھیشیک بچن نے ریڈیو میزبان سدھارتھ کنان کو بتایاکہ عوامی پلیٹ فارم پر ناکام ہونا بہت مشکل ہوتا ہے۔ تب سوشل میڈیا نہیں تھا لیکن میں نے میڈیا کے ذریعے پڑھا کہ بعض افراد مجھے گالیاں دے رہے تھے جب کہ بعض نے کہا کہ مجھے اداکاری نہیں آتی۔ ایک موقع پر مجھے محسوس ہوا کہ فلمی صنعت میں آنا میری غلطی تھی کیونکہ میں جو کچھ بھی کرنے کی کوشش کر رہا تھا اس سے بات نہیں بن رہی تھی۔ میں اپنے والد کے پاس گیا اور کہا کہ شاید میں اس صنعت کے لیے نہیں بنا۔‘ابھیشیک بچن کے والد امیتابھ بچن نے جواب دیا: ’میں نے کبھی تمہاری تربیت اس طرح نہیں کی کہ ہار مان جاؤ۔ آپ کو ہر روز صبح جاگنا ہے اور دنیا میں اپنی جگہ بنانے کے لیے لڑنا ہے۔ بطور ایک اداکار ہر فلم کے ساتھ تمہارے اندر بہتری آ رہی ہے۔سینیئر اداکار امیتابھ بچن، جو شہرہ آفاق فلموں جیسے کہ ’شعلے‘ میں کام کر چکے ہیں، نے اپنے بیٹے سے یہ بھی کہا کہ وہ ’اپنی توجہ کام پر مرکوز کریں‘ اور اپنے سامنے آنے والے ’ہر فلمی کردار کو قبول کریں۔‘

تازہ ترین