• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی نے PDM کے اعتماد کو نقصان پہنچایا، رانا ثناء ﷲ


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو’’ جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما رانا ثناء ﷲ نے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست حاصل کرنے کے لیے پی ڈی ایم کے اعتماد کو نقصان پہنچایا ،ماہر معاشیات ڈاکٹر اقدس افضل نے کہا کہ ہمارے پالیسی ساز وں نے بڑی محنت کر تے ہوئے ہماری معیشت کی کشتی کومستحکم کر لیا،سا بق معاون خصو صی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کوروناکے اثرات کو روکنے کے لیے سختی اختیار کرنا پڑے گی۔ پا کستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء ﷲ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست حاصل کرنے کے لیے پی ڈی ایم کے اعتماد کو نقصان پہنچایا۔پی ڈی ایم کا بنیادی موقف تھا کہ اسٹبلشمنٹ یا حکومتی اتحاد کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں رکھا جا ئے گا۔پاکستان مسلم لیگ کے رہنما نے کہا کہ پا کستان پیپلز پارٹی نے بلو چستان عوامی پارٹی کے ووٹوں کے ساتھ پی ڈی ایم کے خلاف سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نمائندگی حا صل کی ۔پیپلز پارٹی کی اس دھوکہ دہی پر ان سے وضا حت طلب کی گئی جس کی ان کے پاس کو ئی وضا حت نہ ہے اور نہ وہ دے سکتے ہیں لہٰذا پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم سے علیحدگی اختیار کر لی ۔رانا ثناء ﷲ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے نہیں چلا جا سکتا کہ پارٹی ایک ہی وقت میں حزب اختلاف کے بھی ساتھ ہوں اور اسی دوران حکو متی اتحاد کے ساتھ بھی ہوں ۔ایوان سے استعفیٰ دینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء ﷲ کا کہنا تھا کہ ا ستعفیٰ دینے کا فیصلہ حزب اختلاف کا اجتما عی طور پر تھا۔

تازہ ترین