• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھجور کے صحت پر حیرت انگیز فوائد

کھجور قدیم ترین غذاؤں میں سے ایک غذا ہے، کھجور کو سُپر فوڈ کا درجہ دیا جاتا ہے جس کے استعمال سے صحت پر اَن گنت فوائد حاصل ہوتے ہیں، کھجور چھوٹے، بڑے، بزرگ سب ہی افراد کے لیے یکساں موزوں غذا ہے۔

کھجور کی پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ملکوں میں فصل ہوتی ہے، عربی ملک سعودی عرب میں کھجور کی تقریباً ایک سو سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ دنیا کے متعدد ملکوں میں پیدا ہونے والی کھجوروں کی مجموعی اقسام 3000 سے زائد بتائی جاتی ہے۔

غذائی ماہرین کی جانب سے کھجور کو طاقت اور فوراً توانائی فراہم کرنے کا اہم اور قدرتی ذریعہ قرار دیا جاتا ہے جس کے صحت پر فوائد ہی فوائد حاصل ہوتے ہیں، کھجور کھانے کے فوائد جہاں سائنس نے ثابت کیے ہیں وہیں اس کے استعمال سے حاصل ہونے والے فوائد اسلامی تعلیمات میں بھی ملتے ہیں۔

 کھجور کا استعمال سنت سے بھی ثابت ہے اسی لیے مسلمان ممالک میں کجھور کا استعمال بڑی تعداد میں کیا جاتا ہے اور رمضان کا مہینہ آتے ہی اس کے استعمال اور مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

کھجور کا استعمال افطار سمیت سحری میں بھی کیا جاتا ہے، اس کے استعمال سے صحت پر آنے الے فوائد اور مثبت اثرات مندرجہ ذیل ہیں۔

سحری کے اوقات میں اگر کھجور کا استعمال کر لیا جائے تو اس سے انسان خود کو سارا دن تروتازہ اور توانا محسوس کرتا ہے ، میٹھی غذا ہونے کے سبب کجھور کھانے سے مزاج خوشگوار اور بہتر ہوتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق دن کی پہلی غذا کجھور کھانے سے جِلد نِکھرتی ہے اور ایکنی جیسے مسائل سے بھی چھٹکارا حاصل  ہوتا ہے۔

غذائی ماہرین کی جانب سے کجھور کو انسانی دماغ کے لیے ایک بنیادی جز قرار دیا جاتا ہے، کجھور کے استعمال سے انسانی دماغ کی نشو نما ہوتی ہے، روزانہ کی بنیاد پر کم از کم دو کھجوریں لازمی کھانی چا ہئیں۔

رمضان میں اکثر روزے داروں کو قبض کی شکایت ہو جاتی ہے جس کی وجہ کم پانی پینا اور فائبر نہ لینا بتایا جاتا ہے، کجھور قبض کا بہترین علاج ہے، اس کے استعمال سے انسان قبض سے محفوظ رہتا ہے، کھجور کا استعمال سحر و افطار دونوں کھانوں کے دوران کیا جا سکتا ہے۔

افطار میں کجھور سے روزہ کھولنے کے سبب تھکاوٹ، بوجھل پن فوراً غائب ہو جاتا ہے اور تازگی لوٹ آتی ہے۔

کھجور آئرن حاصل کرنے اور خون کی کمی دور کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے،  آئرن پورے جسم میں آکسیجن فراہمی کو یقینی بناتا ہے، کجھور کے استعمال سے لال خلیوں کی افزائش ممکن ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کھجور پوٹاشیم اور میگنیشم حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے، یہ بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے، کھجور کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر میں کمی آتی ہے اور بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے ۔

کھجور میں موجود ریشوں کے سبب جسم میں خراب کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کی سطح کم ہوتی ہے، اس سے شریانوں اور دل دے جڑے مسائل میں کمی آتی ہے۔

کھجور کے باقاعد گی سے استعمال کے نتیجے میں ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اسی لیے یہ بچوں کے اور حاملہ خواتین کے لیے اہم غذا قرار دی جاتی ہے۔

کجھور کا استعمال وزن میں کمی لانے والے افراد بھی کر سکتے ہیں، رمضان کے دوران جن کا مقصد روزے کے فوائد حاصل کرنے سمیت وزن میں کمی لانا بھی ہے وہ کجھور کا استعمال بلا جھجک کر سکتے ہیں، یہ توانائی بحال کرنے کے لیے بہترین آپشن اور حجم میں بہت چھوٹی ہوتی ہے۔

ایسے افراد جو افطار یا سحر سے قبل ورزش کرتے ہیں انہیں کجھور کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔

تازہ ترین