دور قدیم سے کھانوں کا ذائقہ اور خوشبو میں اضافے کے لیے استعمال کی جانے والی جڑی بوٹی کڑی پتے کے استعمال سے صحت اور خوبصورتی پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جنہیں جاننا اور اسے استعمال میں لانا نہایت ضرور ی ہے، سستے داموں آسانی سے دستیاب کڑی پتّے کے استعمال کے کوئی نقصانات نہیں بلکہ فوائد بے شمار ہیں۔
غذائی و طبی ماہرین کے مطابق کڑی پتے کے استعمال سے بلڈ شوگر لیول کو کم کیا جا سکتا ہے، اس کے استعمال سے نظام ہاضمہ بھی درست ہوتا ہے جبکہ یہ سر درد، دل کی بیماریوں سے بچاؤ سمیت جلد اور بالوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے بھی نہایت مفیدثابت ہوتا ہے، کڑی پتے میں بھر پور مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء پائے جاتے ہیں جو متعدد بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کڑی پتہ انسولین کی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون جبکہ اس میں ایسے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جو اسٹارچ کو گلوکوز میں بدلنے سے روکتے ہیں اور شوگر کی مقدار کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، اس کے باقاعدگی کے استعمال سے کولیسٹرول کو بھی متوازن رکھا جا سکتا ہے مگر شرط یہ ہے کہ اس کا استعمال روزانہ کیا جائے۔
کڑی پتے کے صحت اور خوبصورتی پر حاصل ہونے والے چند فوائد تفصیل میں مندرجہ ذیل درج ہیں:
خون کی کمی کا علاج
اینیمیا یعنی خون کی کمی جسم میں آئرن اور فولک ایسڈ کی کمی اور آئرن کو جسم میں جذب کرنے کی کمزور صلاحیت کے سبب جنم لیتی ہے۔
آئرن اور فولک ایسڈ سے بھرپور کڑی پتے کو آئرن سے لبریز خزانہ قرار دیا جاتا ہے، یہ خون کی بیماری اینیمیا کا بہترین علاج ہے جبکہ کڑی پتے میں موجود فولک ایسڈ آئرن کو جسم میں جذب کرنے میں مدد اور مزید آئرن بنانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔
شوگر کی سطح متوازن رکھتا ہے
ماہر غذائیت کا کہنا ہے کہ اگر کڑی پتے کو روزانہ کی بنیاد پر استعمال کیا جائے تو اس سے حاصل ہونے والا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ اس سے بلڈ شوگر لیول متوازن ہو جاتا ہے، اس میں موجود ’فلاوونائیڈ ‘ جز سے غذا میں موجود اسٹارچ گلوکوز میں بدل جاتا ہے جس سے شوگر لیول کی مقدار متوازن رہتی ہے ، کڑی پتہ قدرتی طور پر انسولین بننے کے عمل کو تیز کرتا ہے جس سے شوگر لیول اور کولیسٹرول لیول متوازن رہتا ہے اور مصنوعی انسولین کی ضرورت بھی نہیں رہتی ۔
اضافی کولیسٹرول کی مقدار متوازن سطح پر لاتا ہے
کڑی پتے میں ایسے ترش اجزاء پائے جاتے ہیں جو کہ خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، یہ LDL کولیسٹرول جو کہ مضر صحت کولیسٹرول مانا جاتا ہے اُسے گھٹاتا ہے اور مثبت کولسیٹرول HDL کی سطح بڑھاتا ہے اور جسم کو مختلف بیماریوں مثلا ًدل کی بیماری اور شریانوں کے سکڑنے وغیرہ سے بھی بچاتاہے ۔
کڑی پتے کا استعمال
مارکیٹ میں آسانی سے سستے داموں مل جانے والا کڑی پتہ استعمال میں نہایت آسان ہے، اس کا استعمال سلاد، دالوں میں بگھار، ہری چٹنی، نیم گرم پانی میں ڈال کر، مختلف کھانوں میں پکا کر استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔
بالوں کے لیے نہایت مفید
کڑی پتہ بالوں کو سفیدہو نے سے بچاتا ہے، بالوں پر شیمپو، کنڈیشنر اور اسٹریٹنر کے استعمال کے نتیجے میں آنے والے مضر اثرات سے بچاتا ہے اور متاثرہ بالوں کی صحت دوبارہ بحال کرتا ہے ۔
بے جان بالوں میں جان ڈالتا، بال گرنے سے روکتا ہے، خشکی سکری سے بچاتا ہے اور بالوں کو گھنا بناتا ہے۔
بالوں کی نشونما کے لیے کڑی پتے کا استعمال
کڑی پتے میں وٹامن سی، فاسفورس، آئرن اور کیلشیم وافر مقدارمیں پایا جاتا ہے جو بالوں کی نشونما بہتر کرنے کی صلاحیت اور بالوں کو گرنے سے روکنے میں انتہائی مفید ہے۔
متاثرہ بالوں کے علاج اور ان کی خوبصوتی بڑھانے کے لیے چند کڑی پتے لے کر انہیں ناریل کے تیل میں ڈال کر اچھی طرح پکالیں، جب پتوں کا رنگ بھورا ہونے لگے ہونے تو چولہے سے اُتار کر ٹھنڈا کرلیں اور اسے ہفتے میں کم ازکم تین بار لگائیں، صرف 15دن میں ہی اس کے حیرت انگیز نتائج آپ کو حیران کر دیں گے۔
کڑی پتے سے ماسک بنانے کے لیے کڑی پتے کو پیس کر اس میں دہی ملا کر بھی بالوں پر لگا یا جا سکتا ہے۔
کڑی پتے کے پانی کا استعمال
بال روکھے اور بے جان ہونے کے سبب سلجھانے کے دوران کافی ٹوٹ جاتے ہیں اور کمزور ہو کر گرنے بھی لگتے ہیں، اس کے علاج کے لیے ایک پتیلے میں پانی اور کڑی پتہ ڈال دیں، اب اس پانی کو خوب پکائیں، جب یہ پانی اچھی طرح اُبل جائے تو اسے ٹھنڈا کر کے نہاتے وقت بالوں میں شیمپو کرنے کے بعد سر پر اچھی طرح ڈا لیں اور بعد ازاں پانی نتھار لیں، اس عمل سے بال سلجھے ہوئے چمک دار اور ملائم ہو جائیں گے۔