• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم گرما کے آتے ہی ہر جگہ تربوز نظر آنےلگتا ہے، سستے داموں با آسانی دستیاب تربوز کے استعمال سے صحت پر اِن گنت طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں، تربوز غذائیت سے بھر پور پھل ہے جس کے استعمال سے گرمیوں میں ڈیہائیڈریشن کی شکایت بھی دور ہوتی ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق تربوز موسم گرما کا وہ خاص پھل ہے جس میں 92فیصد مقدار پانی پایا جاتا ہے اور پانی انسانی صحت کے لیے بہت اہم ہے۔

گرمیوں میں زیادہ پسینہ آنے اور روزہ رکھنے کی صورت میں پانی کی کمی کا ہونا عام بات ہے اور ان مسائل کا واحد حل تربوز کے استعمال سے کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق تربوز اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر بھی کام کرتا ہے اور قوت مدافعت بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، تربوز کا استعمال کینسر کے خلاف بھی معاون ثابت ہوتا ہے، اس کی ٹھنڈی تاثیر اور اس میں موجود وٹامن بی جسم میں تھکاوٹ کا احساس کم کرتا ہے اور انسان کو تروتازہ اور خوشگوار محسوس کرواتا ہے، تربوز میں موجود امائنو ایسڈز بلڈ پریشر کو قابو رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق تربوز غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس کے 100 گرام میں 30 کیلوریز، صفر فیصد فیٹ، 112 ملی گرام پوٹاشیم ، 8 گرام کاربوہائیڈریٹس، 6 گرام شوگر، 11 فیصد وٹامن اے، 13 فیصد وٹامن سی پایا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے لازمی جز ہے۔

رمضان کے دوران یا اس کے بعد تربوز کا استعمال براہ راست یا اس کا شربت بھی بنا کر پیا جا سکتا ہے، بچوں اور پڑوں کا یکساں پسندیدہ پھل تربوز کے جوس کے بھی صحت پر متعدد فوائد مرتب ہوتے ہیں، تربوز کا جوس افطار کے دوران یا ورزش کے بعد فوراً توانائی بحال کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔

تربوز کا استعمال باقاعدگی سے کرنے کے نتیجے میں صحت پر آنے والے مزید مثبت اثرات و فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔

دل کی صحت کے لیے بہترین پھل

دنیا بھر میں موت کی سب سے زیادہ وجوہات میں دل کا عارضہ بھی پایا جاتا ہے، تربوز انسان کو عارضہ قلب کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اور بلڈ پریشر سمیت کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے، تربوز میں بڑی تعداد میں امینو ایسڈ پایا جاتا ہے جو کہ خون کی بند شریانوں کو کھولتا اور ہائی بلڈ پریشر سے محفوظ رکھتا ہے۔

تربوز کا استعمال رمضان میں ڈیہائیڈریشن سے بچاتا ہے

ڈیہائیڈریشن کے سبب انسانی صحت پر متعدد بیماریوں ٹوٹ پڑتی ہے، پانی کی کمی سے بچاؤ کے لیے تربوز کا استعمال نہایت مفید قرار دیا جاتا ہے، تربوز میں وافر مقدار میں پانی پایا جاتا ہے جو انسانی جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے، ایک اندازے کے مطابق ایک تربوز میں تقریباً 92 فیصد پانی موجود ہوتا ہے۔

بینائی کے لیے مفید

تربوز میں وافر مقدار میں لائیکو پین جز پایا جاتا ہے جو بینائی کی حفاظت کرتا ہے اور سوزش جیسی شکایات سے بچاتا ہے، ماہرین کے مطابق بڑھتی عمر کے ساتھ انسانی آنکھوں میں بینائی کمزور پڑنے لگتی ہے جبکہ تربوز کا استعمال مضبوط نظر کے لیے نہایت مفید قرار دیا جاتا ہے، تربوز کا استعمال دماغ کو بھی طاقت اور صحت بخشتا ہے۔

موسمی انفیکشن اور وائرل سے بچاؤ کا ذریعہ

انسانی جسم میں انفیکشن کی روک تھام میں تربوز کا استعمال اہم کردار ادا کرتا ہے، تربوز میں مختلف وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹ پائے جانے کے سبب انفیکشنز کا بروقت خاتمہ ممکن ہوتا ہے۔

تربوز میں موجود لائیکوپین اور وٹامن سی اینٹی انفکیشن اجزا ہیں جو کہ انفیکشنز کو روکنے کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں۔

تربوز کے استعمال سے خوبصورتی میں اضافہ

تربوز کا استعمال انسانی جسم کو طاقت بخشتا ہے اور بالوں کو صحت مند بناتا ہے، اس کے استعمال سے چہرے پر تازگی اور جِلد بھی تروتازہ شاداب نظر آ تی ہے۔

تربوز میں وٹامن اے اور سی کی موقجودگی جسم اور بالوں کی صحت کے لیے مفید قرار دی جاتی ہے جبکہ وٹامن سی بھی جلد اور بالوں کی تندرستی میں مدد فراہم کرتا ہے۔


وٹامن اے کی کمی انسانی جسم میں خشکی پیدا کرتی ہے، تربوز کا استعمال خلیات کو نمی مہیا کرتا ہے جس کے نتیجے میں جسم میں ہونے والی خشکی کا خاتمہ ہوتا ہے۔

تربوز میں پایا جانے والا جز بیٹا کیروٹین مرکب جلد کی صحت کے لیے مفید ے جبکہ لائیکوپین جلد کو سورج کی شعاؤں کے مضر اثرات سے بھی بچاتا ہے اور ان کے اثرات کو جَلد زائل کرتا ہے۔

تازہ ترین