• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف سیکریٹری ریڈ لائن کراس نہ کریں، رانا ثناء اللّٰہ


مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے چیف سیکریٹری پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریڈ لائن کراس نہ کریں، ریاست کے ملازم بنیں۔

احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ چیف سیکریٹری پنجاب کل آپ کو جواب دینا ہوگا، آپ نے ادھر ہی رہنا ہے آپ کے بچے ادھر ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ سلیکٹڈ ٹولے کے ہتھیار نہ بنیں، آپ نوٹس جاری کئے بغیر یہ کام نہیں کرسکتے تھے، انہیں تو شاید ادھر نہیں رہنا ان کے بچے ادھر نہیں، آپ نے تو رہنا ہے۔


ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ چیف سیکریٹری پنجاب سے کہوں گا آپ نے شہباز شریف جیسے وزیراعلیٰ کے ساتھ کام کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کل کو کوئی افسر کہے دباؤ تھا تو یہ کوئی جواز نہ ہوگا، آج آپ پوسٹنگ کی وجہ سے ان حدود کو کراس کررہے ہیں جس کے بعد شاید یہ ملک رہنے کے قابل نہ رہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ آپ ریاست کے ملازم بنیں، سلیکٹڈ ٹولے کے ہتھیار نہ بنیں، رات جو یہ ڈرامہ کرنا چاہتے تھے وہ بری طرح ناکام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اعلان کرتا ہوں آئندہ اس قسم کا غیرقانونی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا، بھرپور مزاحمت کریں گے، نقصان کی ذمہ داری سلیکٹڈ حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرنیوالوں پر ہوگی۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر صاحب فرما رہے تھے کہ ہمارا جاتی امرا پر آپریشن کا کوئی پروگرام نہیں تھا، انہوں نے مزید کہا کہ مجرم نیلی بتی دیکھ کر خوفزدہ ہوجاتا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مجھے تو خطرہ ہے کہ شہزاد اکبر صاحب یہ نہ کہہ دیں کہ سن 47ء  کے ریونیو ریکارڈ میں پاکستان کا نام نہیں، آپ نے ماضی میں لوگوں کے گھروں پر بل ڈوزر چلائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کیوں نہ سمجھے کہ آپ مجرمانہ ذہنیت کی بنیاد پر ن لیگ کی رہائشگاہ کو مسمار کرنے جارہے ہیں، اندھے اور گھٹیا انتقام کی بنیاد پر احتساب کا ڈرامہ اب ختم ہوا چاہتا ہے۔

تازہ ترین