پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی پر ایوان کو اعتماد میں لینے اور وزیر داخلہ سے پالیسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کےد وران نوید قمر نے گزشتہ روز کالعدم قرار دی گئی جماعت ٹی ایل پی پر پابندی کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ تو جارہی ہے لیکن معاملہ پارلیمنٹ میں نہیں لارہی ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید پرانے پارلیمنٹرین ہیں لیکن وہ بھی پارلیمنٹ کو کچھ نہیں بتارہے ہیں۔
انہوں نےا ستفسار کیا کہ کس وزیر کو کس نے اتھارٹی دی تھی کہ وہ ٹی ایل پی کو فرانس کے سفیر کو نکالنے کی یقین دہانی کروائے؟
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ معاہدہ تھا کہ فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری تک اُن کے ساتھ رابطے میں رہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ بات چیت کے دوران ان کے 20 اپریل کو نکلنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایکشن لیا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اس ایشو پر ایوان میں پالیسی بیان دیں گے۔