• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاندار مقابلہ، پاکستان نے جنوبی افریقا سے میچ اور سیریز جیت لی


پاکستان نے جنوبی افریقا کو ون ڈے کے بعد ٹی 20 سیریز میں بھی شکست دے دی۔

پاکستان نے چوتھے ٹی 20 میں جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے ہرادیا اور سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔ ایک موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ میچ گرین شرٹس کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔

گرین شرٹس نے جنوبی افریقا کا145 رنز کا ہدف 7وکٹ کے نقصا ن پر ایک گیند پہلے ہی حاصل کیا، آج کے میچ میں فخر زمان نے 60 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔


پاکستان کی پہلی وکٹ 1 کے اسکور پر گر گئی، اس کے بعد فخر زمان اور بابراعظم نے60 گیندوں پر 91 رنز کی شراکت قائم کی۔

دونوں کی موجودگی کے دوران میچ ہر لحاظ سے پاکستان کے ہاتھ میں تھا، لیکن اس دوران پہلے فخر زمان 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 60 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

اس موقع پر بابراعظم اور محمد حفیظ کریز پر موجود تھے مگر 6 رنز کے اضافے کے بعد 98 کے مجموعے پر بابراعظم 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد تو جیسے وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، 104 کے اسکور پر نوجوان حیدر علی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

انہیں اس سیریز کے دوران 4 میچز کھیلنے اور 3 میں بیٹنگ کا موقع ملا مگر خاطر خواہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہے، وہ اس دوران 14،12 اور 3 بناکر پویلین لوٹے۔

سینئر کھلاڑی محمد حفیظ 110 کے اسکور پر صرف 10 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے، اس کے بعد آصف علی 5 رنز بناکر 115 پر پویلین لوٹ گئے تو ایسا لگا کہ پاکستان میچ ہار بھی سکتا ہے۔

تاہم اس موقع فہیم اشرف اور محمد نواز نے اسکور آہستہ آہستہ آگے بڑھانے کی کوشش کی، 129 کے اسکور پر فہیم اشرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد نواز نے میچ کے آخری دو اوورز میں 2 چھکے لگائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، انہوں نے 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا 144رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، فہیم اشرف نے 17 رنز اور حسن علی 40 رنز کے عوض 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث روف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

میچ میں عمدہ بولنگ پر فہیم اشرف کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بابراعظم پلیئر آف دی سیریز ٹھہرے۔

تازہ ترین