• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے گزشتہ روز فوجی فائونڈیشن ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کے دورے میں 100بستروں کے اسپتال اور نرسنگ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا۔ فوجی فائونڈیشن ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لئے قائم ادارہ ہے جس سے لاکھوں سویلین بھی مستفید ہورہے ہیں۔ اس ادارے کے موجودہ منیجنگ ڈائریکٹر وقار احمد سمیت 71فیصد ملازمین سویلین اور 29فیصد ریٹائرڈ فوجی ہیں۔ اسے ایسا ادارہ کہا جاسکتا ہے جس سے ہر پاکستانی قلبی لگائو رکھتا اور جس کی کارکردگی کو سراہتا ہے۔ بری فوج کے سپہ سالار کو اس دورے میں فوجی فائونڈیشن کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فائونڈیشن کی خدمت، کارکردگی اور عزم کی تعریف کی اور انتظامیہ کو مستقبل کے حوالے سے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 1954ء سے قومی خدمت میں مصروف مذکورہ ادارہ نہ صرف فلاح و بہبود کے امور میں سابق فوجیوں کے علاوہ عام شہریوں کے لئے بھی قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو محاصل کی صورت میں معقول سرمایہ فراہم کررہا ہے۔ پچھلے برس اس ادارے نے ٹیکس، ڈیوٹی اور لیویز کی مد میں 175؍ارب روپے ادا کئے جو ملکی بجٹ کا دو اعشاریہ چار پانچ فیصد ہے۔ دس برسوں میں ساڑھے تیرہ سو ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔ 100بستروں پر مشتمل اسپتال اور انسٹی ٹیوٹ اسکول آف نرسنگ فوجی فائونڈیشن کے فلاحی اداروں میں نیا اضافہ ہیں جن سے انتہائی معیاری طبی خدمات اور اعلیٰ تربیت کی حامل نرسوں کی تیاری کی توقعات وابستہ ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ یہ ادارے بھی فائونڈیشن کے دیگر اداروں کی طرح بہترین قومی سرمایہ ثابت ہوں گے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین