واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ اراکین نے جمعرات کے روز ایک مسودہ قانون متعارف کروایا ہے، جس کے تحت امریکی سپریم کورٹ میں مزید چار ججوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ اگر یہ مسودہ قانون منظور ہو گیا، تو سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد 9 سے بڑھ کر 13 ہو سکتی ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے اراکین کانگریس کی جانب سے اس بل کی مخالفت کی جا رہی ہیں۔اس مسودہ قانون کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں متعارف کروانے کا اعلان جمعرات کے روز واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل ہل کی سیڑھیوں پر ڈیموکریٹ پارٹی کے سینیٹر ایڈ مارکی اور ایوان نمائندگان کے ارکان، جیرلڈ نیڈلر، ہینک جانسن اور مونڈیئر جونز نے ایک نیوز کانفرنس کے ذریعے کیا۔