MDA میں بھرتیوں کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر نوٹس جاری
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

MDA میں بھرتیوں کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر نوٹس جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں سندھ ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہونے والی بھرتیوں کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر چیف سیکرٹری، ڈی جی ایم ڈی اے و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ، ڈی جی ایم ڈی اے اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں سندھ ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہونے والی بھرتیوں کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت خواجہ اظہار الحسن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ بھرتیوں کے عمل پر حکم امتناع جاری کیا جائے۔ خدشہ ہے اگر حکم امتناع نہ ہوا تو غیر قانونی بھرتیوں مکمل ہوجائیں گی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ فریقین کو نوٹس کر رہے ہیں جواب آنے دیں۔ خواجہ اظہار نے موقف اختیار کیا کہ ٹیسٹنگ سروس کمپنی صرف ایک کمرے پر مشتمل ہے۔قبل ازیں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایک فرضی امتحانی ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے بھرتیاں کی گئیں۔ سندھ ٹیسٹنگ سروس کے بارے میں کوئی نہیں جانتا، کون چلا رہا ہے۔ ایس ٹی ایس کے دفتر میں چوکیدار کے سوا کوئی نہیں۔ ایم ڈی اے کراچی کی حدود میں آتا ہے، نوکریوں کا حق کراچی کا ہے۔ ایم ڈی اے میں کراچی کے نوجوانوں کو نوکریوں سے محروم رکھا گیا۔ ایم ڈی اے میں ہونے والی تمام بھرتیوں کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

اہم خبریں سے مزید