• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلین ایئرزون منصوبے پر تحفظات، بریڈفورڈ ٹیکسی ایکشن گروپ نے 2 روزہ ہڑتال کرنے کا منصوبہ بنالیا

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل )ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ کے ٹیکسی ڈرائیوروں کا ایک ایکشن گروپ مئی میں دو دن ہڑتال کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جس کی وجہ سے بریڈ فورڈ میں عید کی تقریبات میں بڑی رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔ بریڈفورڈ ٹیکسی ایکشن گروپ کے بریڈفورڈ میں کلین ائیر زون منصوبے کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں، اس حوالے سے انہوں نے بریڈفورڈ کونسل کو بذریعہ ای میل خط لکھا تھا جس کا ابھی تک انہیں بریڈفورڈ کونسل کی جانب سے کو ئی رسپانس نہیں ملا ،ٹیکسی ایکشن گروپ کا مطالبہ ہے کہ بریڈفورڈ کونسل اگلے برس جنوری میں کلین ائیر زون متعارف کرانے کے منصوبوں کے بارے میں خدشات کا جواب نہیں دے رہی، لہٰذا اگر چار مئی تک بریڈفورڈ کونسل نے ہمارے ای میل کا جواب نہ دیا تو بریڈ فورڈ ٹیکسی ایکشن گروپ (بی ٹی پی) 13 اور 14 مئی کو مکمل ہڑتال کرے گا۔بریڈفورڈ ٹیکسی گروپ کے چیئرمین آصف شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایکشن گروپ کی جانب سے 18 مارچ کو بذریعہ ای میل بریڈفورڈ کونسل کوکلین ائیر زون کے منصوبے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، تاحال اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، اس سے قبل 12 مارچ کو بھی ہم نے ہڑتال کی تھی جس میں 600 ڈرائیوروں نے حصہ لیا تھا، اس بار مکمل ہڑتال ہو گی جس سے شہر کی ٹرانسپورٹ کی صنعت بری طرح متاثر ہو سکتی ہے اوراس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گا ،بریڈفورڈ ٹیکسی ڈرائیوروں کا احتجاج اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ بریڈفورڈ کونسل شہر میں کلین ائیر زون کا منصوبہ متعارف کرا رہی ہے تاکہ شہر میں فضائی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو روکا جا سکے، اس حوالے سے ٹیکسیوں اور پرائیویٹ ہائر کی گاڑیوں کو کلین ائیر زون میں داخل ہونے پر ایک دن کی ساڑھے بارہ پونڈز فیس ادا کرنا پڑے گی جبکہ اس میں نجی گاڑیوں کو چھوٹ دی گئی ہے، ان سے چارجز نہیں لیے جائیں گے ۔آصف شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بریڈفورڈ ٹیکسی ایکشن گروپ کو کونسل ٹریڈ ایسوسی ایشن کے طور پر تسلیم نہیں کرتی، حالانکہ بریڈفورڈ ٹیکسی ایسوسی ایشن کو گروپ کی حیثیت سے تسلیم کرنے سے کونسل کے ساتھ لائسنسنگ سروس کے لیے رابطے میں آسانی ہوگی اور ٹیکسی ممبران کے معاملات اور ممبران کے مسائل حل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ۔مقامی میڈیا کے مطابق کونسل کے وکیل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بریڈفورڈ ٹیکسی گروپ سے خط کے ذریعے اس کے ممبران کی تفصیلات مانگی ہیں جو ابھی تک فراہم نہیں کی گئیں جب تک ممبران کی مکمل تفصیلات جن میں بیج ،ٹیکسی پلیٹ، ممبرز وغیرہ فراہم نہیں کی جاتی کونسل اس کو تسلیم نہیں کرے گی۔ بریڈ فورڈ کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کونسل ٹیکسی تجارت کی نمائندگی کرنے والی متعدد تجارتی تنظیموں کے ساتھ اچھی طرح سے کام کرتی ہے اور وہ طے شدہ قواعد پر عمل کرتے ہیں، کونسل کلین ایئر زون متعارف کروانے کے لئے حکومت کی ہدایت پر عمل کر رہی ہے اور اس لئے اس کی پابندی فرض ہے،ہم ڈرائیوروں اور ٹیکسی کی تجارت کو اپنانے والوں کی مکمل سپورٹ کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم اپنی پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے ایک اہم حصے کی حیثیت سے ضلع کے ٹیکسی ڈرائیوروں کی قدر کرتے ہیں، ان کا ایک بہت مشکل سال گزرا ہے اور ہم اس مشکل وقت میں ان کی بھرپور سروس پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

تازہ ترین