• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعد رضوی فورتھ شیڈول میں شامل اثاثے منجمد، شناختی کارڈ بلاک

لاہور / اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل/ نمائندہ جنگ)کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کا نام مشتبہ دہشت گردوں کی فہرست ’فورتھ شیڈول‘ میں شامل کردیا گیا، شیڈول فور میں نام شامل ہونے کے بعد سعد رضوی کی جائیداد منجمد اور شناختی کارڈ بلاک کردیاگیا۔

سعد رضوی نہ کوئی بینک اکاؤنٹ استعمال کرسکیں گے نہ جائيدادکی خرید و فروخت کرسکیں گے، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔

سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کو جمع کروانا ہوگا، مستقل رہائش گاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت لینی ہوگی، سعد رضوی کو کہاں جانا ہے، کس سے ملنا ہے، اس کی بھی تفصیل دینی ہوں گی۔

علاوہ ازیں نمائندہ جنگ کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر ملک بھر میں چندہ اکٹھا کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تحریک لبیک کے اثاثے منجمد کرنے اور پارٹی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کی کارروائی کاآغاز ہو گیا ہے اور بعد اب کالعدم تنظیم کے چندہ اکٹھا کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق کالعدم جماعت پر کسی بھی قسم کا چندہ لینے پر پابندی ہے اور وفاق کی طرف سے کالعدم جماعت پر چندہ اکٹھا کرنے پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کالعدم جماعت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور دیگر ایجنسیز کو چندہ اکٹھا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین