• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منتخب بلدیاتی ارکان کو چارج نہ دینے پر چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) میئر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سردار محمد نسیم خان نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی اداروں کے منتخب ارکان کو چارج نہ دینے پر چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور الامین مینگل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے ، درخواست گزار نے جواد رفیق ملک اور نور الامین مینگل کو فریق بناتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 204.5,190جبکہ توہین عدالت آرڈیننس 2003اور سپریم کورٹ کے قواعد کے قاعدہ نمبر 1کے تحت دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ 31دسمبر2016کو وہ پانچ سالوں کے لئے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے میئر منتخب ہوئے تھے ،ان کا عرصہ 31دسمبر2021تک محیط تھا ،تاہم حکومت پنجاب نے 4مئی 2019کو پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019منظور کرتے ہوئے اس کی دفعہ 3کے تحت بلدیاتی ادارے تحلیل کردیے ، اس عمل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تو فاضل عدالت نے 25مارچ 2021کو پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی دفعہ 3 کو آئین سے متصادم اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قراردے دیا اور اس ایکٹ کے اجراء سے قبل جو مقامی حکومتیں کام کررہی تھی انہیں فوری طور پر بحال کرنے کا حکم جاری کیا کرتے ہوئے انہیں اپنی آئینی مدت31دسمبر2021 پوری کرنے کا حکم جاری کیا تھا ،تاہم مسول الیہان چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے باضابطہ طو ر پر عدالتی حکمنامہ وصول ہونے کے باوجود تاحال اس پر عملدرآمد نہیں کیا ،درخواست گزار نے کہا ہے کہ کچھ جگہوں پر منتخب نمائندوں نے اپنے دفاتر میں جاکر چارج لینے کی کوشش کی ہے تو وہاں پر مقرر ایڈمنسٹریٹرز /ڈپٹی کمشنرز او رکمشنرزنے بھی مزاحمت کی ہے ، درخواست گزار نے فاضل عدالت سے آئین و قانون کی مذکورہ بالا شقوںکے تحت مسول علیان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی ہے ۔

تازہ ترین