• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزید پانچ ملازمین کورونا میں مبتلا، پی سی بی دفاتر بدھ تک بند کردیے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ ہیڈ کوارٹر میں دو ملازمین کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے ۔ اب مختلف شعبوں کے پانچ ملازمین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی سی بی ہیڈ کوارٹر کو بدھ تک بند کردیا گیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم اور قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں لاک ڈائون والے ماحول میں ہفتے اور اتوار کو مختلف شعبوں کو سینی ٹائز کیا گیا جبکہ جن شعبوں کے ملازمین متاثر ہوئے ہیں ان شعبوں کے دیگر ملازمین کے کورونا ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث بدھ تک دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پی سی بی کے پانچ ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اس سے قبل کورونا وائرس کے سبب پی سی بی کے 70 فیصد ملازمین پہلے ہی گھروں سے کام کررہے تھے۔ پچاس سال سے زائد عمر کے ملازمین بھی گھروں سے کام کرنے کی ہدایت پر عمل پیرا تھے۔ قبل ازیں دو ملازمین کی ہلاکت کے بعد تیس فیصد ملازمین کو آفس آنے کی اجازت تھی۔ چیئرمین احسان مانی گھر سے کام کررہے ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان برمنگھم سے امور چلارہے ہیں۔ ان کی وطن واپسی میں تاخیر ہوگئی ہے۔ پی ایس ایل ملتوی ہونے پر وسیم خان انگلینڈ روانہ ہوئے تھے۔ان کی اپریل کے وسط میں واپسی کا امکان تھا موجودہ صورتحال اور پی سی بی دفاتر کی بندش کے بعد وسیم خان کی واپسی میں مزید تاخیر ہوئی ہے۔

تازہ ترین