• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کورونا وائرس تغیرکی دہری صلاحیت کا حامل

گلاسگو (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں کورونا وائرس کی ایک نئی خطرناک قسم دریافت ہوئی ہے جو تغیرکی دہری صلاحیت رکھتا ہے اور نسبتاً آسانی کے ساتھ انسانی جسم میں داخل ہوسکتا ہے۔ یہ وائرس مارچ میں سب سے پہلے بھارت میں پایا گیا تھا جبکہ 14 اپریل تک سکاٹ لینڈ میں اس کے 4 اور انگلینڈ میں 73 مریض سامنے آچکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والا یہ وائرس جنوبی افریقہ اور برازیل کے وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ بھارت میں اس وقت کورونا وائرس نہایت تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور وہاں اس وقت ا مریکہ کے بعد سب سے زیادہ کورونا کے 14 ملین کیسز پائے جاتے ہیں۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں دو لاکھ سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں لیکن بھارت برطانیہ کے کورونا کے متعلق سفری پابندیوں کی ریڈلسٹ میں شامل نہیں ہے بلکہ وہاں سے آنے والے افراد کورونا کے دو ٹیسٹ کے بعد گھروں میں قرنطنیہ کرسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی ہم اس وائرس کے متعلق پوری تفصیلات سے آگاہ نہیں اور اس پر مزید تحقیق جاری ہے۔
تازہ ترین