• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں نے بلدیہ ٹاؤن کو کھنڈر بنا دیا، مفتاح اسماعیل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن NA-249 کے امیدوار، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ اور نااہل حکمران اختلاف سنے کا حوصلہ کھو چکے ہیں، وہ اپنے ہر مخالف کو طاقت کے بل بوتے پر کچل دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے NA-249 کی یونین کونسل نمبر 34 ، مہاجر کیمپ نمبر ساڑھے پانچ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میزبان جعفر احمد، حاجی صالحین تنولی، دین محمد لغاری، محسن جاوید، محمد اکرم اعوان، نوشاد اختر، راجہ عمران اور نوشاد تنولی بھی موجود تھے، ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ نااہل اور کرپٹ حکومت اپنی انتقام کی پالیسی میں اندھی ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ملک افراتفری کا شکار ہے، جبکہ ملک میں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری میں بے پناہ اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ، انہوں نے بلدیہ ٹاؤن کی زبوں حالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں نے پورے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے کو کھنڈر بنا دیا ہے،علاقے کے میدان کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی آپ کے مسائل کو حل کرنے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتی ہے۔