• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹرز نسخے پر دوا کا نام لکھنے کے بجائے فارمولا لکھنے کے پابند، نوٹیفکیشن جاری

لاہور(آئی این پی)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی(ڈریپ)نے تمام ڈاکٹرز کو نسخے میں ادویات کا برانڈ اور نام لکھنے سے روکنے کے احکامات جاری کردیے۔

 اتوار کو میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈریپ کی جانب سے ڈاکٹرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مریض کو نسخے میں دوا کا نام اور برانڈ لکھ کر نہ دیں۔

ڈریپ کی جانب سے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈاکٹرز مریض کو دیے جانے والے نسخے میں صرف دوا کا فارمولا لکھیں گے۔

 نجی اور سرکاری سطح پر ڈاکٹرز بااثر میڈیسن کمپنیوں کا مہنگا نسخہ لکھ دیتے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے نسخے میں برینڈ کا نام لکھنے سے مریض مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے عام مریض پر بوجھ پڑتا ہے ۔

ڈریپ نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز ادویات کے برینڈ کے نام کی بجائے سالٹ لکھیں گے اور انہیں صرف ادویات کا فارمولا لکھنے کی اجازت ہوگی۔

 نسخے پر کسی بھی کمپنی یا اس کی دوا کا نام لکھنا غیر قانونی اقدام میں شمار کیا جائے گا۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنے نوٹی فکیشن میں لکھا کہ پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ کو متعدد بار بااثر میڈیسن کمپنیوں کے برینڈ نام لکھنے کی شکایات موصول ہوئیں تھیں، اسی بنیاد پر ادویات کا نام لکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

تازہ ترین