مصنّف: ای مارسڈن
صفحات: 328
قیمت: 1300 روپے
ناشر: بُک ہوم، بُک اسٹریٹ 46، مزنگ روڈ، لاہور۔
ہندوستان کی تاریخ پر شایع ہونے والی کتب اور مضامین میں اِی مارسڈن کی انگریزی کتاب’’ ہسٹری آف انڈیا‘‘ کے بکثرت حوالے ملتے ہیں۔ زیرِ تبصرہ کتاب اُسی کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ تاریخ کے طلبہ میں ہمیشہ سے مقبول رہی ہے کہ مصنّف نے اوسط ضخامت کی اِس کتاب میں قدیم ہندوستان کا جغرافیہ، اقوام، رسم ورواج، مذاہب، ہندو ریاستیں، مسلم حکومتیں، مرہٹوں کا عروج وزوال، فرانسیسی اقتدار غرض کہ تاریخ کے تقریباً تمام اہم واقعات سمو دیے ہیں۔ نیز، کتاب کا نصف آخر ہندوستان میں انگریزوں کی آمد، جنگوں، مُلک پر قبضے، نظامِ حکومت اور عوامی فلاح وبہبود کے تذکرے پر مشتمل ہے۔
برطانوی عہد میں ہندوستان کی تاریخ پر کئی کتب لکھی گئیں، جن میں ایسا مواد بھی شامل کیا گیا، جس کا مقصد مقامی آبادی کے دو بڑے طبقات، یعنی ہندوؤں اور مسلمانوں میں دُوریاں پیدا کرنا تھا تاکہ اُن کی لڑائی کے نتیجے میں انگریز سکون سے حکومت کرسکیں۔ علاوہ ازیں، اُن کتب میں یہ بھی ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ انگریز حکومت مقامی باشندوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
لہٰذا، اِس طرح کی کتب کا مطالعہ کرتے ہوئے یہ پہلو بھی سامنے رہنا چاہیے۔ اِی مارسڈن ایک انگریز بیوروکریٹ تھے، جو اُس زمانے کی علمی زبان، فارسی اور مقامی زبانوں سے واقف تھے، اِس لیے مختلف بادشاہوں اور مذاہب سے متعلق لکھی گئی کتب سے براہِ راست استفادہ کیا۔ یہ اردو ترجمہ اِس سے قبل بھی مختلف اداروں کی جانب سے شایع ہوتا رہا ہے اور مختلف ویب سائٹس پر بھی موجود ہے۔ خود بُک ہوم کی جانب سے بھی اِسے 2005ء میں شایع کیا گیا تھا۔ اگر مصنّف اور مختلف ایڈیشنز سے متعلق یہ تفصیلات بھی کتاب کا حصّہ ہوتیں، تو قاری کے علم میں اضافے کا سبب بنتیں۔