تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل:ماہ رُخ
دوپٹے: نیو یونیک آرٹ اینڈ
کرافٹ،کلفٹن، کراچی
آرایش: روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایس ایم ریاض
لے آؤٹ: نوید رشید
رمضان المبارک کے آغاز ہی سے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں کی برسات سی شروع ہوجاتی ہے اور ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ خود کو نورِ خدا سے جس قدر ہوسکے، سیراب کرلے۔ اب جب کہ دوسرے عشرے کا آغاز ہوچُکا ہے، تو جہاں خشوع و خضوع کے ساتھ عبادات کی جارہی ہیں، وہیں افطار پارٹیز میں مدعو کرنے یا شریک ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے کہ سب کا مل جُل کر بیٹھنا اجتماعیت کا وصف پیدا کرتاہے۔ تو لیجیے، اسی مناسبت سے ہم نے بھی اپنی بزم کچھ خُوب صُورت، دیدہ زیب پہناووں اور خوش نمادوپٹوں سے مرصّع کردی ہے۔
ذرا دیکھیے، سیاہ ٹراؤزر کے ساتھ سی گرین پرنٹڈ قمیص، جس کے پرنٹ میں کہیں کہیں شیشے ٹانکے گئے ہیں، کیسی پیاری لگ رہی ہے، تو ساتھ ڈارک گرین رنگ کاٹن میسوری دوپٹا بھی خُوب جچ رہا ہے۔ پھر سفید رنگ ٹراؤزر کے ساتھ (جس پر پلیٹس سے ڈیزائننگ کی گئی ہے) سی گرین قمیص اور سفید رنگ ملتانی ایمبرائڈرڈ دوپٹے کا انداز بھی کچھ کم دِل نشیں نہیں۔سیاہ ٹراؤزر کے ساتھ سیاہ رنگ بیس پر سُرخ، زرد اورسفید کے کنٹراسٹ میں سندھی کڑھت اسٹائل میں خُوب صُورت پرنٹڈ قمیص ہے، تو ساتھ سیاہ اور سُرمئی رنگوں میں اوڑھے گئے اسٹول کا انداز بھی لاجواب ہے۔
اِسی پیراہن کے ساتھ سیاہ اور سفید کے کامبی نیشن میں چوخانے پرنٹ کا دوپٹا عمدہ انتخاب ہے، تو سیاہ ٹراؤزر، آتشی گلابی، سیاہ و سفید پرنٹڈ قمیص کے ساتھ گہرے سُرخ اور آتشی گلابی رنگوں کے کنٹراسٹ میں زری ورک سے آراستہ چُنری سِلک دوپٹے کے بھی کیا ہی کہنے، پھر اِسی پہناوے پر نیلے رنگ میں ملٹی شیڈڈ تھریڈ ورک دوپٹا بھی سَر پر سج کے بہت ہی بھلا لگ رہا ہے۔