• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک افواہوں کی زدمیں، کسی کو نہیں پتا کیا ہورہا ہے، راجہ پرویز اشرف

ملک افواہوں کی زدمیں، کسی کو نہیں پتا کیا ہورہا ہے، راجہ پرویز اشرف


اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ ،ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں پیر کے دن اپوزیشن نے کالعدم تحریک لبیک کے کارکنوں پر فائرنگ کی شدید تنقید کی اور ملک میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیاجبکہ اس موقع پر وزراء نے حکومتی پالیسی کا دفاع کیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک افواہوں کی زد میں ہے ، کسی کو نہیں پتہ کیا ہورہا ہے، حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، اپنی ذمہ داریوں میں مکمل ناکام، آپ جو بو رہے ہیں وہ آپ کو بھی اور اس ملک کو بھی کاٹنا پڑے گا۔

جے یو آئی(ف) کے مفتی عبدالشکور نے کہا کہ کیا عمران خان اور ان کے حامیوں نے پولیس پر حملہ نہیں کیا تھا، کیا ان پر پی ٹی وی پر حملہ کرتے ہوئے گولیاں چلائی گئی تھیں ، جلائوگھیرائواور دھرنے دینے والا خود اقتدار میں آیا تو گولیاں برسا دیں۔

تحریک لبیک کے کارکنوں پر ظلم ہوئے، ہم انکے ساتھ ہیں، حکومت فیصلہ کرلے وہ فرانس کے ساتھ ہے یا رسول اللہﷺ کی ناموس کے ساتھ ہے، وزیر داخلہ کو اس ایوان کا سامنا کرنا چاہیے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایوان میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہاکہ ناموس رسالت ﷺکے حوالے سے ہم کسی سے پیچھے نہیں ہیں، اس اسمبلی میں ہم نے ہمیشہ ختم نبوت کی بات کی ہے، ساری اسمبلی عاشق رسول ﷺہے،مذاکرات جاری ہیں ، اچھی خبریں آئیں گی۔

ان کی تقر یر کے دوران جے یو آئی ف سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی بطور احتجاج نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور انہوں نے قاتل قاتل کے نعرے لگا ئے۔

وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی محبت میں پوری قوم ایک ہے، گزشتہ دنوں میں جو کچھ ہوا ہمیں بھی اس پر دکھ ہے، ٹی ایل پی کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی رو میں ہم معاملے کو پارلیمان میں لانے کے پابند تھے، پچھلے 4 ماہ ہم نے اس معاملے پر بہت کوششیں کیں۔

آخری مذاکرات جو ہوئے تھے اس میں معاہدہ پارلیمنٹ میں پیش کرنا تھا، ابھی بات حتمی نہیں ہوئی تھی کہ مارچ کی تیاریاں شروع کردی گئیں ، ویڈیو سامنے آئی اور راستے بند کرنے کی اطلاع ملی تو حکومت نے راستے کھلے رکھنے کے لئے ایکشن لیا، ،سانحہ یتیم خانہ چوک پر جتنا افسوس اپوزیشن کو ہے، اتنا ہی درد حکومت کو بھی ہے۔

معاملے کو مذاکرات اور منت سماجت کے ذریعے حل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے،ہم علمائے کرام کا احترام کرتے ہیں لیکن خارجہ پالیسی کا تعین حکومت وقت اور پارلیمنٹ کا کام ہے۔

کوشش کریں گے کہ پارلیمنٹ اور عوام کی خواہش کے مطابق مذاکرات کے ذریعے معاملے کو حل کیا جائے، پاکستان کی تاریخ میں ناموس رسالت ﷺ کو جتنا تحفظ وزیر اعظم عمران خان نے فراہم کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، اللہ تعالیٰ نے یہ سعادت عمران خان کے حصے میں لکھی ہے۔

پی پی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں جوکیفیت ہےاس پر جمعہ کے دن وزیرِداخلہ کو پالیسی بیان د ینا چاہیے تھاجو نہیں دیا گیا،آج بھی انہوں نے کیا بیان دیا ہے۔ 

وہ نور الحق قادری کو پھنسا گئے ہیں ، وہ شریف آ دمی ہیں، ملک میں میڈیا پر بلیک آؤٹ ہے اور ملک افواہوں کی ز د میں ہے،وزیراعظم کو ٹی وی کے بجائے ایوان میں تقاریر کرنی چا ہیے۔ 

وزیرِداخلہ ایوان کی توہین کرکے چلے گئے، حکومت کی ناہلی کی وجہ سے آج بھا ئی بھائی سے لڑ رہا ہے، ملک کو ایسی سمت لے جایا جا رہا ہے جو خوفناک ہے۔

تازہ ترین