کراچی (ٹی وی رپورٹ) سنیئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہاہے کہ تحریک لبیک والوں نے جو کیا غلط کیا اس کا انہیں احساس ہونا چاہیے۔ہم ایک سفیر نکالیں گے وہ ستائیس سفیر یورپ سے نکال دیں گے۔
امریکہ میں ایک پادری تھا جو گستاخی رسول ہر چار چھ مہینے میں کردیتا تھا پھر عالم اسلام بالخصوص پاکستان میں ہم لوگ نکل آتے تھے اور جلاؤ گھیراؤ ہوتا تھا لیکن دوسری طرف پادری بیٹھ کر تماشا دیکھتا تھا اور خوش ہوتا تھا ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ہمیں اس سوچ کو شکست دینی ہے لیکن بہتر حکمت عملی کے ساتھ لبیک والوں کو کالعدم قرار دینے سے سوچ پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارایک انٹرویو میں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں کو سمجھانا ضروری ہے اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ تحریک لبیک پر پابندی ہے تو اس سے کوئی بات نہ کی جائے۔ فرانس کے سفیر کو اگر باہر بھیج دیں گے تو ہمارے لوگوں کو یقیناً بہت دشواریاں ہوں گی۔