فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے بھی عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوالی۔
اس ضمن میں عدنان صدیقی نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں عدنان صدیقی کراچی کے آرٹس کونسل میں موجود ہیں اور عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوا رہے ہیں۔
عدنان صدیقی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوالی ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کورونا وائرس کے حوالے سے مختلف ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا۔
خیال رہے کہ عدنان صدیقی سے قبل بھی پاکستان شوبز کے کئی فنکار ویکسین لگواچکے ہیں جن میں بشریٰ انصاری، ارمینا خان، عفت عُمر، حنا خواجہ، سیمی راحیل اور ثمینہ پیرزادہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
دوسری جانب صوبہ سندھ میں اب تک 3487616 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے اور اب تک 273465 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
اس وقت 8230 مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 7818 گھروں میں، 9 آئسولیشن سینٹرز میں اور 403 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 372 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور 42 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔